آئی پی ایل 2024: ایلیمنیٹر میں آج راجستھان کا مقابلہ بنگلورو سے، 7.30 بجے شروع ہوگا میچ

ایلیمنیٹر مقابلے میں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی، جبکہ فتحیاب ٹیم کا مقابلہ 24 مئی کو حیدر آباد سے ہوگا، اس میں جیتنے والی ٹیم 26 مئی کو فائنل مقابلے میں کولکاتا سے کھیلے گی۔

آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2024 کا آج ایلیمنیٹر میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں سنجو سیمسن کی کپتانی والی راجستھان رائلس اور فاف ڈوپلیسس کی کپتانی والی رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان مقابلہ ہوگا جو کہ 7.30 بجے شام کو شروع ہوگا۔ آج ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی اور جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ 24 مئی کو کوالیفائر 2 میں حیدر آباد سے ہوگا جو کوالیفائر 1 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے ہار گئی تھی۔ کوالیفائر 2 کی فاتح ٹیم 26 مئی (اتوار) کو کولکاتا کے ساتھ خطابی جنگ لڑے گی۔

قابل ذکر ہے کہ ایک وقت راجستھان ٹاپ-2 ٹیم میں جگہ بناتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن لگاتار 4 شکست اور کولکاتا کے خلاف آخری میچ بارش میں دھلنے کے سبب وہ تیسرے نمبر پر رہی۔ دوسری طرف بنگلورو پلے آف سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچنے کے بعد حیرت انگیز طریقے سے پوائنٹس ٹیبل میں چوتھا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ بنگلورو پہلے 8 میں سے 7 میچ ہارنے کے بعد بری حالت میں تھی، لیکن پھر لگاتار 6 مقابلے جیت کر 14 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی اور بہتر رَن ریٹ نے اسے چنئی، دہلی اور لکھنؤ (سبھی کے 14 پوائنٹس) سے اوپر پہنچا دیا۔


جہاں تک آج کے میچ کا سوال ہے، راجستھان رائلس کو اپنی بلے بازی میں دَم دکھانا پڑے گا۔ جوس بٹلر انگلینڈ لوٹ چکے ہیں جس سے ٹیم کی بلے بازی پر اثر پڑا ہے۔ اب یشسوی جیسوال (348 رن)، کپتان سیمسن (504 رن) اور ریان پراگ (531 رن) کو اضافی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ سیمسن اور پراگ کے علاوہ انگلینڈ کے ٹام ہولیر کیڈمور سے بھی اچھی اننگ کی امید ہوگی جو جیسوال کے ساتھ اوپننگ کر سکتے ہیں۔ شمرن ہٹمائر لووَر آرڈر کو مضبوطی دے سکتے ہیں، حالانکہ اب تک انھوں نے کچھ خاص کمال نہیں کیا ہے۔

گیندبازی کی بات کی جائے تو احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم باقی میدانوں کی طرح بلے بازوں کے لیے مددگار نہیں۔ لہٰذا یہاں راجستھان کے گیندباز خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس میدان پر آئی پی ایل 2024 میں 12 اننگ میں صرف دو بار ہی 200 سے زیادہ کا اسکور بنا ہے۔ یعنی ڈسپلن کے ساتھ گیندبازی کرنے والی ٹیم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔


جہاں تک بنگلورو کا سوال ہے، کوہلی کی بلے بازی نے ٹیم کو مضبوطی عطا کی ہے۔ کوہلی اکیلے 14 میچوں میں 708 رن بنا چکے ہیں اور آج کے میچ میں وہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ کپتان فاف ڈوپلیسس بھی فارم میں لوٹ چکے ہیں اور رجت پاٹیدار تو آئی پی ایل 2024 میں 5 نصف سنچری بنا چکے ہیں۔ لووَر آرڈر میں دنیش کارتک بھی 195 کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کر رہے ہیں۔ گیندبازی بھی بنگلورو کی اچھی دکھائی دے رہی ہے۔ یش دیال نے تو گزشتہ میچ میں چنئی کے مہندر سنگھ دھونی اور رویندر جڈیجہ کے سامنے بہترین آخری اوور ڈال کر ٹیم کو جیت دلائی تھی۔ محمد سراج سے آج کے میچ میں بہترین کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے اور لاکی فرگوسن نے بھی اچھے لائن لینتھ کے ساتھ گیندبازی کی تو بنگلورو کے لیے جیت کا سلسلہ قائم رکھنا بہت آسان ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔