شدید گرمی کے دوران علی گڑھ میونسپل کارپوریشن کا انوکھا اقدام، چوراہوں پر پانی برسانے کی مشینیں نصب
شدید گرمی جھیل رہے علی گڑھ کے لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے میونسپل کارپوریشن نے ایک انوکھی پہل کی ہے۔ اس نے شہر کے بیشتر چوراہوں پر پانی برسانے کی مشینیں لگائی ہیں۔
علی گڑھ میں جہاں ایک طرف گرمی نے تباہی مچا رکھی ہے وہیں دوسری طرف میونسپل کارپوریشن عام لوگوں کو گرمی سے راحت دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں میونسپل کارپوریشن نے علی گڑھ شہر کے مختلف چوراہوں پر مشینوں کے ذریعے ٹھنڈے پانی کی پھوار کا انتظام کیا ہے تاکہ لوگوں کو گرمی سے راحت مل سکے۔
علی گڑھ شہر میں یہ پہلی بار دیکھا گیا ہے جب میونسپل کارپوریشن گرمی سے راحت دلانے کے لیے مختلف چوراہوں پر ٹھنڈا پانی برسانے کے لیے اینٹی سموک گن کی طرز پر مشین کا استعمال کر رہی ہے۔ علی گڑھ میں درجہ حرارت 42 ڈگری کو پار کر رہا ہے۔ گرمی سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ ایسے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شروع کیا گیا یہ اقدام عوام کے لیے کافی راحت بخش ثابت ہو رہا ہے۔
علی گڑھ میونسپل کمشنر نے اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی کو دیکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن شہر کے لوگوں کو گرمی سے راحت دلانے کے لیے ایک بڑی پہل کر رہی ہے۔ شدید گرمی سے عوام کی حالت غیر ہو گئی ہے۔ لوگوں کو راحت دلانے کے لیے شہر کے مختلف چوراہوں پر اینٹی سموک گنز سے اسپرے کیا جا رہا ہے، اس سے لوگوں کو کافی راحت مل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔