بہار کے سیتامڑھی میں ہٹ اینڈ رن کا دردناک واقعہ، 3 افراد کی موت 6 زخمی
بتایا جاتا ہے کہ ٹیمپو سیتامڑھی ریلوے اسٹیشن سے بتھ ناہا تھانہ کے رم نگرا گاؤں جا رہا تھا۔ سیتامڑھی میں ٹرین سے اترنے والے کچھ مسافر ٹیمپو میں سوار تھے۔
بہار کے سیتامڑھی ضلع میں ایک ہٹ اینڈ رن کیس میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی اور 6 لوگ زخمی ہو گئے۔ یہ دردناک واقعہ شہر سے تقریباً 3 کلومیٹر دور سیتامڑھی- بریار پور روڈ پر واقع موہن پور میں پیش آیا ہے۔ منگل کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ایک بے قابو ٹرک نے ٹیمپو کو بری طرح کچل دیا، جس میں 3 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 6 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے تمام زخمیوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا۔ سنگین صورتحال کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ اس واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ ٹیمپو کے پرخچے اڑ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیمپو سیتامڑھی ریلوے اسٹیشن سے بتھ ناہا تھانہ کے رم نگرا گاؤں جا رہا تھا۔ سیتامڑھی میں ٹرین سے اترنے والے کچھ مسافر ٹیمپو میں سوار تھے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹیمپو میں 9 افراد سوار تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی 112 اور مہسول او پی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اپنی گاڑی میں صدر اسپتال پہنچایا۔ اس واقعے میں مرنے والے ایک شخص کی شناخت نیپال کے رہنے والے محمد شمشل کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ دوسرے مہلوکین میں ریگا تھانہ علاقہ کے فتح پور کے رہنے والے نشو خان، رم نگرا کے رہنے والے روزا انصاری کی بیٹی خدیدہ خاتون کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں بڑے اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔