سردار سرووَر پروجیکٹ کے متاثرین کی بازآبادکاری کا معاملہ، میدھا پاٹکر 6 دنوں سے بھوک ہڑتال پر
میدھا پاٹکر کی حمایت کے لیے کئی ریاستوں کے لوگ اور کسان تنظیمیں آگے آئی ہیں۔ میدھا پاٹکر کا مطالبہ ہے کہ باز آبادکاری کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔
گجرات میں نرمدا ندی پر بنائے گئے سردار سروور پروجیکٹ کے متاثرین کی بازآباد کاری کے لیے نرمدا بچاؤ آندولن کی لیڈر میدھا پاٹکر مدھیہ پردیش میں گزشتہ 6 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ان کی حمایت کے لیے کئی ریاستوں کے لوگ اور کسان تنظیمیں آگے آئی ہیں۔ میدھا پاٹکر کا مطالبہ ہے کہ سردار سروور پروجیکٹ سے متاثر ہوئے بے گھر لوگوں کی باز آبادکاری کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔
میدھا پاٹکر کا یہ احتجاج مدھیہ پردیش کے دھار ضلع سے تقریباً 125 کلومیٹر دور چکھلدا گاؤں کی کھیڑا بستی میں جاری ہے۔ ان کی حمایت کے لیے پہنچنے والوں میں سابق ایم ایل اے اور سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈر ڈاکٹر سنیلم پاٹکر، اڈیشہ سے سماجی کارکن پرفل سمانترا اور مہاراشٹر و اترپردیش سے کئی لیڈران شامل ہیں۔ یہ تمام لوگ کھیڑا بستی پہنچے اور میدھا پاٹکر کی حمایت کا اعلان کیا۔
چکھلدا گاؤں میں موجود میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنیلم پاٹکر نے کہا کہ ہم یہاں میدھا پاٹکر کی حمایت کرنے اور ان کے ساتھ بات کرنے آئے ہیں۔ ہم نے ریاست اور مرکز کو خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد باز آبادکاری کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو ہم پورے زور و شور سے احتجاج کریں گے۔ 2017 میں سپریم کورٹ نے سردار سروور پروجیکٹ کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں کو مالی معاوضہ دینے کا حکم دیا تھا۔
سابق ایم ایل اے سنیلم نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اسے جلد لاگو کیا جانا چاہئے۔ اس میں ایک شرط یہ بھی ہے کہ متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ملاقات کریں گے اور صورتحال کو سمجھیں گے۔ سنیلم نے مطالبہ کیا کہ ریاست اور مرکز جلد ہی اس میٹنگ کا اہتمام کریں تاکہ پروجیکٹ سے متاثر لوگوں کو راحت مل سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔