رَنوے کی طرف بڑھ رہے انڈیگو طیارہ میں آئی خرابی، بحریہ کی مدد سے نکالے گئے مسافر
گوا ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بحریہ کی ٹیموں کے ذریعہ طیارہ کو ٹیکسی بے میں لے جایا گیا، پھر دھیرے دھیرے سبھی مسافروں کو اتارا گیا۔
طیاروں میں تکنیکی خرابی کا معاملہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مختلف ایئرلائنس کے مسافر طیاروں میں لگاتار آ رہی تکنیکی خامی سے کچھ لوگ خوفزدہ بھی ہیں۔ تازہ معاملہ گوا میں سامنے آیا جب ممبئی کے لیے روانہ ہونے سے قبل انڈیگو طیارہ کے داہنے انجن میں خرابی آ گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گوا ہوائی اڈے پر رَنوے کی طرف بڑھتے وقت یہ خرابی سامنے آئی جس کے بعد بحریہ کی بچاؤ ٹیم نے مسافروں کو اس طیارہ سے باہر نکالا۔
گوا ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ رَنوے پر جانے کے دوران پائلٹ کو انجن میں خرابی کا الرٹ ملا۔ اس کے بعد پائلٹ طیارہ کی ضروری جانچ کے لیے اسے واپس لے گئے۔ انڈیگو نے کہا کہ مسافروں کو ممبئی جانے والے دوسرے طیارے میں بٹھایا جائے گا۔ یہ اطلاع نہیں مل سکی ہے کہ دوسرا طیارہ ممبئی کے لیے روانہ ہوا ہے یا نہیں۔
گوا ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بحریہ کی ٹیموں کے ذریعہ طیارہ کو ٹیکسی بے میں لے جایا گیا۔ پھر دھیرے دھیرے سبھی مسافروں کو اتارا گیا۔ گوا سے ممبئی جانے والے اس انڈیگو طیارہ میں 187 مسافر سوار تھے۔ چونکہ گوا ہوائی اڈہ بحریہ کے آئی این ایس ہنسا بیس کا ایک حصہ ہے، اس لیے بحریہ کی بچاؤ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بہ حفاظت طیارہ سے باہر نکال لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔