پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی، بی جے پی رکن اسمبلی پارٹی سے معطل

تلنگانہ اسمبلی میں گوشہ محل حلقہ کی نمائندگی کرنے والے راجا سنگھ کو پارٹی کی مرکزی تادیبی کمیٹی نے پارٹی اور دیگر تمام ذمہ داریوں سے فوری اثر کے ساتھ معطل کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجا سنگھ کی جانب سے توہین رسالتؐ سے متعلق ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد راجدھانی حیدرآباد کے ساتھ ساتھ ریاست بھر میں مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، شدید برہمی، غم وغصہ اور بڑے پیمانہ پر احتجاج کے پیش نظر بی جے پی نے راجا سنگھ کو معطل کر دیا ہے۔

تلنگانہ اسمبلی میں گوشہ محل حلقہ کی نمائندگی کرنے والے راجا سنگھ کو پارٹی کی مرکزی تادیبی کمیٹی نے پارٹی اور دیگر تمام ذمہ داریوں سے فوری اثر کے ساتھ معطل کر دیا ہے۔ اسی کے ساتھ تادیبی کمیٹی کے سکریٹری اوم پرکاش نے رکن اسمبلی کے خلاف متنازعہ اور قابل اعتراض ریمارکس پر 10 دن یعنی 2 ستمبر تک جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔


ادھر، بی جے پی نے اس بیان پر راجا سنگھ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راو نے کہا ’’ہماری پارٹی تمام عقائد کا احترام کرتی ہے اور کوئی اس سے انحراف کرتا ہے تو ہم اس معاملہ پر کارروائی کریں گے۔ ہماری قومی پارٹی ہے، جو عقائد میں اختلافات کو نہیں مانتی۔ بی جے پی تمام کو یکساں مانتی ہے۔ ہم نفرت پھیلانے والی تقریر کی تصدیق نہیں کرتے اور راجا سنگھ نے اگر اس سے انحراف کیا ہے تو پارٹی اس معاملہ سے نمٹ لے گی۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔