عتیق احمد کے بھائی اشرف کی فرار بیوی کا گھر منہدم، انتظامیہ نے پولیس فورس کی موجودگی میں چلایا بلڈوزر

بتایا جاتا ہے کہ اشرف نے اپنی بیوی زینب فاطمہ کے لیے وقف بورڈ کی زمین پر 5 کروڑ روپے کا عالیشان گھر بنوایا تھا جسے آج دوپہر پی ڈی اے نے زمین دوز کر دیا۔

بلڈوزر کی علامتی تصویر
بلڈوزر کی علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

عتیق احمد کے بھائی اشرف کی بیوی زینب فاطمہ اب تک فرار ہے۔ وہ پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکی ہے، لیکن اس کی غیر موجودگی میں پریاگ راج واقع اس کا عالیشان گھر آج منہدم کر دیا گیا۔ زینب فاطمہ کی عالیشان کوٹھی پر آج پولیس فورس کی موجودگی انتظامیہ نے بلڈوزر کارروائی کی اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 کروڑ کی ملکیت زمین دوز ہو گئی۔

یہ کارروائی وقف بورڈ کی 50 کروڑ روپے کی ملکیت ہضم کرنے کے معاملے میں انتظامیہ کے ذریعہ کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اشرف نے پریاگ راج واقع صلاح پور میں وقف بورڈ کی زمین پر قبضہ کر کے اپنی شریک حیات زینب کے لیے 5 کروڑ روپے کی عالی شان کوٹھی تعمیر کروائی تھی۔ آج دوپہر پی ڈی اے (پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے بلڈوزر نے اسے منہدم کر دیا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی اے کے زونل افسر کی قیادت میں تین ٹیمیں صلاح پور پہنچی تھیں۔ پولیس افسران سے فورس بھی منگوائی گئی تھی تاکہ حالات بے قابو نہ ہونے پائے۔ کارروائی کے دوران موقع پر اے سی پی کی قیادت میں کئی تھانوں کی فورس تعینات رہی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشرف نے اپنی بیوی کے لیے 50 کروڑ سے زیادہ کی وقف ملکیت پر قبضہ کر یہاں گھر بنایا تھا۔ اسے منہدم کرنے کا حکم ہوا تو انتظامیہ نے اس کوٹھی کو آج گرا دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ عالیشان کوٹھی 7 بیگھا زمین پر بنی ہوئی تھی۔ اس زمین پر اشرف کی بیوی زینب کے علاوہ اس کے بھائی زید اور صدام نے قبضہ کیا ہوا تھا۔ وقف بورڈ کی زمین پر ناجائز قبضہ کو لے کر نومبر 2023 میں معاملہ درج کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں دسمبر 2023 میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت منادی کرا کر اسے قرق کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔