جنوبی ہند میں بارش کا قہر اور شمالی ہند میں گرمی نے کیا بے حال، کیرالہ میں 11 افراد کی موت

کیرالہ میں مانسون سے قبل کی سرگرمیوں نے تباہی مچا دی ہے، کیرالہ کے کئی اضلاع میں درمیانہ سے تیز بارش ہو رہی ہے، کیرالہ کے سات اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر، یو این آئی</p></div>

فائل تصویر، یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں ان دنوں موسم کا قہر بڑے پیمانے پر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہندوستان کے شمالی علاقوں میں جہاں تیز دھوپ اور لو سے لوگ بے حال ہوئے جا رہے ہیں، وہیں جنوبی ہند کے علاقوں میں موسلادھار بارش نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شمالی ہند میں مانسون کے آنے میں ابھی تاخیر ہے۔ محکمہ موسمیات نے تو شمال مغربی ہند کے لیے ریڈ الرٹ اور کیرالہ کے کچھ اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

کیرالہ میں مانسون سے قبل کی سرگرمیوں نے تباہی مچا رکھی ہے۔ کیرالہ کے کئی اضلاع میں درمیانہ سے تیز بارش ہو رہی ہے۔ کیرالہ کے سات اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ اضلاع ہیں ترووننت پورم، کولم، الپوجھا، ایرناکولم، کوزیکوڈ، کنور اور کاسرگوڈ۔ ان اضلاع میں 6 سے 11 سنٹی میٹر بارش کا الرٹ ہے۔ انڈمان نکوبار میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے کابینہ وزیر کے. راجن نے بتایا کہ 9 سے 23 مئی تک ریاست میں بارش سے متعلق سرگرمیوں میں 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس میں 6 افراد ڈوبنے سے، ایک گھر گرنے سے، تو وہیں دو افراد بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ہفتہ کے روز زوردار بارش کا الرٹ جاری کرنے کے ساتھ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ اترنے کی تنبیہ کی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران وہ اپنے بچوں کو تالاب یا ندیوں کے پاس نہ جانے دیں۔ انھوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، پولیس اور ریونیو محکمہ ایمرجنسی حالات کے لیے الرٹ پر ہیں۔ این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

دوسری طرف شمالی ہند ان دنوں شدید گرمی اور لو سے بدحال ہے۔ محکمہ موسمیات نے شمال مغربی ہند میں آئندہ چار دنوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ راجستھان میں درجہ حرارت جمعہ کے روز اعلیٰ سطح پر تھا۔ دہلی میں درجہ حرارت کچھ کم ضرور رہا، لیکن اب بھی سورج کی تپش جھلسا دینے والی ہے۔ راجستھان میں تو گرمی اپنے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ پھلودی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49.0 ڈگری سلسیس، جیسلمیر میں 48.3 ڈگری سلسیس، جودھپور میں 47.6 ڈگری سلسیس اور باڑمیر میں 48.2 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔


محکمہ موسیمات کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر، پنجاب اور ہریانہ میں ابھی لو والی حالت رہے گی۔ چار دنوں تک یہاں گرم ہوا چل سکتی ہے۔ محکمہ نے راجستھان، گجرات اور کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ہماچل اور جموں و کشمیر کے لیے بھی اگلے چار دنوں تک ہیٹ ویو (گرم ہوا) کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔