ہندوستان کے مایہ ناز اسپینر بشن سنگھ بیدی اور پاکستان کے معروف کھلاڑی انتخاب عالم کے اہل خانہ کی کرتار پور میں ملاقات

بشن سنگھ بیدی جو بیماری سے ابھرنے کے بعد کرتاپور گرودوارہ جانا چاہتے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کے کرکٹ کھلاڑی اور ان کے دوست انتخاب عالم سے بھی ان کی ملاقات ہو جائے

تصویر بشکریہ ای ایس پی این کریک انفو
تصویر بشکریہ ای ایس پی این کریک انفو
user

قومی آواز بیورو

سرحدیں ممالک کو تو تقسیم کر سکتی ہیں لیکن لوگوں کے جذبات ان کے پابند نہیں۔ کرکٹ کے میدان میں حریف رہے ہندوستان کے مایۂ ناز اسپینر بشن سنگھ بیدی اور پاکستان کے معروف کرکٹ کھلاڑی انتخاب عالم عام زندگی میں بہتیرن دوست ہیں۔ بشن سنگھ بیدی جو بیماری سے ابھرنے کے بعد کرتاپور گرودوارہ جانا چاہتے تھے تو ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کے کرکٹ کھلاڑی اور ان کے دوست انتخاب عالم سے بھی ان کی ملاقات ہو جائے۔ ان کی خواہش کرنے کی دیر تھی کہ انتخاب اپنے اہل خانہ اور دوست کرکٹر شفقت رانا کے ساتھ طے شدہ وقت پر ملاقات کے لئے کرتارپور پہنچ گئے۔

بشن سنگھ بیدی پچھلے دنوں شدید بیماری سے گزرے اور اس دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ بیدی اپنے قریبیوں کو پہچان بھی نہیں پا رہے تھے لیکن اب وہ ٹھیک ہیں۔ اس بیماری کے دوران انتخاب عالم ان کے ان دوستوں میں شامل تھے جو ہر تیسرے روز ان کی طبعیت دریافت کرتے تھے۔ پاکستان کے معروف بلے باز ظہیر عباس، جو خود بھی بیمار ہیں، وہ بھی مستقل طور پر بشن سنگھ کی صحت کے بارے میں فون پر پوچھتے رہتے تھے۔ اس سے بشن سنگھ بیدی کی کرکٹ کھلاڑیوں میں مقبولیت کا تو اندازہ ہوتا ہی ہے ساتھ میں اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ کھیل کے میدان میں چاہے حریف رہے ہوں لیکن یہ حریف کھلاڑی اپنے جذبات کے آگے مجبور ہیں۔


بشن سنگھ بیدی کی اہلیہ انجو نے جب انتخاب عالم کی اہلیہ کو اپنا کرتارپور جانے کا بتایا اور کہا کہ اچھا ہوتا کہ آپ سے بھی ملاقات ہو جاتی۔ ان کا صرف اس کا ذکر کرنا تھا کہ انتخاب عالم اپنے ساتھی کھلاڑی شفقت رانا اور اپنی اہلیہ کے ساتھ کرتارپور پہنچ گئے۔ جب ملاقات ہوئی تو خوب گانے گائے گئے اور قہقہے لگے۔ انجو نے انتخاب سے اس گانے کی فرمائش کر دی جو وہ بیدی اور ساتھیوں کے ساتھ کیری پیکر کے زمانے میں مل کر گایا کرتے تھے جس پر انتخاب عالم نے کہا کہ گرودوارے میں گانا مناسب نہیں ہے لیکن پھر گانا بھی ہوا اور پرانی یادیں بھی تازہ ہوئیں۔

بشن سنگھ بیدی کی اہلیہ انجو نے بتایا کہ انتخاب عالم کی اہلیہ نے اسٹیل کی مکسی کی فرمائش کی۔ انجو نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پلاسٹک کا مکسی بلینڈر ملتا ہے اس لئے اگر ممکن ہو تو اسٹیل والا مکسی لیتی آئیے گا۔ انہوں نے ایک کے بجائے دو خرید لئے لیکن ان کو ڈر لگا کہ کہیں سرحد پر اہلکار روک نہ لیں۔ انجو نے بتایا کے اس پر ان کے بیٹے نے کہا کہ کوئی نہیں روکے گا کیونکہ ان کے والد کو سب جانتے ہیں۔ انجو نے بتایا کہ ایسا ہی ہوا کہ کسی نے نہیں پوچھا اور یہاں تک کہ وہ کووڈ کی رپورٹ نہیں لے گئی تھیں تو وہاں کے اہلکار نے بہت اچھے انداز میں ان کی جانچ کر لی۔


حقیقت تو یہ ہی ہے کہ سرحد بنائی ضرور جاتی ہیں لیکن یہ سرحدیں انسان کے جذبات کو قید نہیں کر سکتیں۔ انجو سے جب ایک صحافی نے پوچھا کہ ان کو پاکستان کا سب سے اچھا کیا لگتا ہے تو انہوں جواب دیا ’’آپ کا پیار سب سے بہتر لگتا ہے‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔