پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس پیر سے ہوگا شروع، حکومت نے طلب کی آل پارٹی میٹنگ
اس آل پارٹی میٹنگ کے ذریعے حکومت کا مقصد لوک سبھا و راجیہ سبھا کی تمام سیاسی پارٹیوں کو بجٹ اجلاس کے دوران حکومت کے ایجنڈے اور بلوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس پیر 22 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے ایک دن قبل (21 جولائی) کو آل پارٹی میٹنگ طلب کی ہے۔ مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کی جانب سے دونوں ایوانوں میں تمام سیاسی پارٹیوں کے فلور لیڈروں کو حکومت کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
اس آل پارٹی میٹنگ کے ذریعے حکومت کا مقصد لوک سبھا و راجیہ سبھا کی تمام سیاسی پارٹیوں کو بجٹ اجلاس کے دوران حکومت کے ایجنڈے اور بلوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس آل پارٹی میٹنگ میں حکومت اپوزیشن پارٹیوں سے پارلیمنٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلنے دینے کی بھی درخواست کرے گی۔ میٹنگ میں اپوزیشن پارٹیاں اپنے اپنے ایجنڈے بھی پیش کریں گی جس پر وہ ایوان میں بحث کرانا چاہتی ہیں۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر راہل گاندھی کی یہ پہلی آل پارٹی میٹنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ 22 جولائی سے شروع ہونے والا پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے 12 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے اجلاس کے پہلے روز پیر کو ایوان میں اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا۔ منگل 23 جولائی مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن مودی حکومت کی تیسری مدت کا پہلا مکمل بجٹ پیش کریں گی۔ آئندہ بجٹ اجلاس کے دوران حکومت مرکزی بجٹ کو پاس کرنے کے ساتھ ہی 5 دیگر بل بھی پیش کرے گی ۔
اجلاس کے دوران جو بل ایوان میں پیش کیے جائیں گے ان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ترمیمی) بل-2024، بوائلر بل-2024، انڈین ایئر کرافٹ بل- 2024، کافی (پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ) بل-2024 اور ربڑ ( پروموشن اینڈ ڈویلپمنٹ بل 2024 خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کا بجٹ پیش کرنا اور اسے بحث کے بعد منظور کروانا بھی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ حکومت آل پارٹی میٹنگ میں ان تمام بلوں کی معلومات بھی دے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔