بی جے پی ایک بڑی سیاسی سازش کے تحت دہلی حکومت گرانا چاہتی ہے، عآپ کی وزیر آتشی سنگھ کا دعویٰ

آتشی سنگھ نے ایل جی کے ذریعے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط پر بھی اعتراض ظاہرکیا ہے اورکہا ہے کہ اس کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش ہورہی ہے کہ دہلی میں آئینی بحران ہے۔ ہم اس کے خلاف عدالت میں بھی جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی حکومت کی وزیر آتشی /&nbsp; تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

دہلی حکومت کی وزیر آتشی / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کی لیڈر آتشی سنگھ نے بی جے پی پر دہلی حکومت کو گراکر صدر راج نافذ کرنے کی سازش رچنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خطوط پر بھی اعتراض ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ایل جی بے بنیاد طریقے سے ایم ایچ اے کو خط لکھ رہے ہیں۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دہلی حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے۔ وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ دہلی میں آئینی بحران ہے۔ ہم اس کے خلاف عدالت میں بھی جائیں گے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کی لیڈر و دہلی حکومت کی وزیر آتشی سنگھ نے کہا کہ ہمیں معتبر ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ بی جے پی کی حکومت والی مرکزی حکومت آنے والے دنوں میں دہلی میں صدر راج نافذ کرنے والی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری کو ایک پرانے معاملے میں برطرف کر دیا گیا ہے۔ یہ اروند کیجریوال حکومت کو گرانے کی ایک بڑی سازش ہے۔ اروند کیجریوال کو بی جے پی کی مرکزی حکومت والی ای ڈی نے فرضی کیس میں پھنسانے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ بی جے پی والے دہلی میں الیکشن نہیں جیت سکتے، اس لیے وہ اروند کیجریوال کی منتخب حکومت کو گرانا چاہتے ہیں۔


آتشی سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت جیسی اسکیموں کو نافذ نہیں کر پائے گی۔ دہلی میں ہر عورت کو ہر ماہ 1000 روپے مل رہے ہیں، بی جے پی والوں کو اس سے پریشانی ہے۔ اس منصوبے کو روکنے کے لیے یہ سیاسی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں صدر راج نافذ کرنا غیر قانونی ہوگا۔ آتشی سنگھ نے کہا کہ عآپ نے 17 فروری کو دہلی اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کر دی تھی۔ جب برسرِ اقتدار پارٹی کے پاس اکثریت ہے تو صدر راج کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔ دہلی اسمبلی میں اروند کیجریوال کو بھاری اکثریت حاصل ہے، اگر بی جے پی دہلی میں صدر راج نافذ کرتی ہے تو یہ غیر قانونی ہوگا۔

آتشی سنگھ نے زور دے کر کہا کہ آپ کو دیکھنا ہوگا کہ اہم محکموں میں افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کئی ماہ سے رکی ہوئی ہے۔ ایل جی بے بنیاد طریقے سے ایم ایچ اے کو خط لکھ رہے ہیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دہلی حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے، وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ دہلی میں آئینی بحران ہے۔ ہم اس کے خلاف عدالت میں بھی جائیں گے۔ 

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔