پیرس اولمپک 2024 میں کورونا کی دستک سے فکر کا ماحول، تاریخ رقم کرنے والے کھلاڑی ایڈم پیٹی کا ٹیسٹ پازیٹو

ایڈم پیٹی نے مردوں کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا، لیکن اس کامیابی کے اگلے ہی دن وہ کورونا پازیٹو پائے گئے۔

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس اس وقت قابو میں ضرور ہے، لیکن اس کا خطرہ پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے۔ کئی ممالک میں اب بھی کورونا کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ فکر انگیز بات یہ ہے کہ پیرس میں جاری اولمپک 2024 پر بھی کورونا کے اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔ دراصل اولمپک میں شامل ایک مشہور کھلاڑی کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا ہے، جس سے کھلاڑیوں اور منتظمین میں فکر کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپک میں کورونا کی دست کا پتہ اس وقت چلا جب تاریخ رقم کرنے والے کھلاڑی ایڈم پیٹی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔ انگلینڈ کے تیراک ایڈم پیٹی نے مردوں کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک ایونٹ میں گزشتہ دنوں چاندی کا تمغہ جیتا تھا، اور اگلے ہی دن پتہ چلا کہ وہ کورونا کی زد میں ہیں۔


ٹیم گریٹ برٹین (برطانیہ) کی طرف سے ملی جانکاری کے مطابق تمغہ جیتنے کے بعد ایڈم پیٹی کی صحت کچھ بگڑنے لگی تھی۔ انھیں گلے میں انفیکشن بھی محسوس ہوئی۔ پیٹی کی حالت دیر رات جب مزید خراب ہونے لگی تو ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو کہ پازیٹو آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایڈم پیٹی آئندہ جمعہ تک صحت مند ہو سکتے ہیں۔ اگر وہ ٹھیک ہوتے ہیں تو انگلینڈ کے لیے وہ مزید کچھ مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے دکھائی دیں گے، ورنہ انھیں اپنے قدم پیچھے کھینچنے ہوں گے۔ ایڈم پیٹی آگے کسی مقابلے میں کھیلیں گے یا نہیں، اس سلسلے میں پوری طرح سے فیصلہ کوچ کو لینا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 29 سالہ ایڈم پیٹی نے پیرس اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ اب تنہا تیراک بن گئے ہیں جنھوں نے لگاتار 3 اولمپک میں تمغے جیتے ہیں۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ٹوکیو اولمپک کی طرح فرانس کے منتظمین نے پیرس اولمپک کے لیے کورونا سے متعلق کوئی سخت پروٹوکول تیار نہیں کر رکھا ہے۔ لیکن اب چونکہ ایک کھلاڑی اس کی زد میں آ گیا ہے، تو احتیاطی اقدام ضروری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔