تلنگانہ پولیس نے بی جے پی کارکنوں پر کیا لاٹھی چارج، جے پی نڈا برہم

نڈا نے کہا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت کے دباؤ میں پولیس نے جس طرح کل رات بی جے پی رہنماؤں اور کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے تلنگانہ پولیس کی جانب سے بی جے پی کارکنوں پر کئے گئے مبینہ لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ جے پی نڈا نے پیر کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت کے دباؤ میں پولیس نے جس طرح کل رات ریاستی بی جے پی صدر سنجے کمار کے دفتر میں گھس کر ان کی غیر انسانی طریقے سے پٹائی کی، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر اندھا دھند لاٹھی چارج کیا اور انہیں بلا جواز گرفتار کیا، یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ حکومت کی اس مذموم کوشش کی پرزور مذمت کرتی ہے۔

جے پی نڈا نے کہا ’’ تلنگانہ میں ریاستی حکومت کے آرڈر نمبر 317 کو منسوخ کرنے کے لئے سرکاری اساتذہ اور ملازمین سے یکجہتی اور حمایت دینے کے لیے ہمارے ریاستی صدر نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ پرامن طریقے سے ایک رات کا ’جاگرن اپواس‘ رکھا تھا۔ اس احتجاج میں حکومت کے من مانے آرڈر کی مخالفت کرنے کے لیے کووڈ کے تمام ضابطوں پر عمل کیا گیا تھا۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سیاسی رنجش کی وجہ سے پولیس کے ذریعے غیر انسانی طاقت کا استعمال کیا‘‘۔


انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس سنجے کمار کے دفتر میں ’جاگرن دکشا‘ کو روکنے کے لیے زبردستی گھس کر داخلی دروازے کو کٹر سے کاٹ کر ان پر وحشیانہ حملہ کیا۔ پولیس نے خواتین کارکنوں سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ہاتھا پائی کی، مارپیٹ کی اور انہیں زبردستی گرفتار کیا۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔

جے پی نڈا نے کہا کہ حکمراں تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کو ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو ملی شاندار جیت اور ریاست میں بی جے پی کی بڑھتی ہوئی حمایت اور مقبولیت سے بھوکھلا گئی ہے، اس لیے مایوسی کے عالم میں اس طرح کی غیر انسانی کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ پولیس کی اس طرح کی گھناؤنی کارروائی سے خوفزدہ نہیں ہوگی، بلکہ تلنگانہ کے عوام کے لئے جمہوری لڑائی لڑتی رہے گی اور ٹی آر ایس کی جابرانہ حکمرانی کا خاتمہ کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر کو پولیس نے کل کووڈ کی روک تھام کے لئے ریاستی حکومت کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا تھا۔ انہوں نے کورونا کے باوجود احتجاج کا منصوبہ بنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔