تلنگانہ: خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں فرضی بابا گرفتار

فرضی بابا اپنی تقریروں سے معصوم بھکتوں کو چنگل میں پھنسا کر ان سے پیسے اینٹھتا تھا، ساتھ ہی’سائیں پروَچن‘ کے نام پر کئی خواتین سے قریبی رشتہ بنا کر رکھا تھا۔

گرفتار
گرفتار
user

تنویر

فرضی اور ڈھونگی باباؤں کے ذریعہ اپنی اچھی اچھی باتوں سے امیر لوگوں کو پھنسانے اور پیسے اینٹھنے کے بے شمار معاملے سامنے آ چکے ہیں اور ایسا ہی تازہ معاملہ تلنگانہ کا ہے جہاں ایک فرضی بابا کو تلنگانہ پولیس نے اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ گرفتار بابا پر لوگوں کو گمراہ کرنے، ان سے لاکھوں روپے اینٹھنے، اور کئی خواتین کو ورغلا کر ان کے ساتھ جسمانی رشتہ قائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نالگونڈا پولیس نے اس فرضی بابا کو تین ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فرضی بابا خود کو وشو چیتنیہ سوامی بتاتا تھا اور لوگوں کی پریشانیاں و مسائل دور کرنے کا دعویٰ کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق نالگونڈا ضلع کے پی اے پلّی ڈویژن کے آجماپور گاؤں میں یہ فرضی بابا ’شری سائیں سروسومو سائی مانسی چیریٹیبل ٹرسٹ‘ کے نام پر آشرم چلاتا تھا جہاں اپنی تقریروں سے معصوم بھکتوں کو اپنے چنگل میں پھنسا کر ان سے پیسے اینٹھتا تھا۔ اتنا ہی نہیں، کئی خواتین کو ’سائیں پروَچن‘ کے نام پر ان سے قریبی رشتہ بنا کر رکھا تھا۔ بابا پر خواتین کا استحصال کرنے کا بھی الزام لگا ہے۔


پولیس نے مزید بتایا کہ فرضی بابا امیر لوگوں کو پھنساتا تھا۔ انھیں اپنی باتوں کے ذریعہ لفظوں کے جال میں پھنسا کر زندگی میں امن لانے کے نام پر پوجا کے مقصد سے انھیں نقلی گنڈے، جنگلی جڑی بوٹی وغیرہ دے کر ان سے روپے، سونا اور گہنے لیتا تھا۔ یہ فرضی بابا غیر قانونی طریقے سے لوگوں کو ٹھگ کر کمائے روپے سے زمین جائیداد بھی بناتا تھا۔

ڈی آئی جی رنگناتھ کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع واقع نندی گام کا رہنے والا وشو چیتنیہ ڈگری پوری کرنے کے بعد سال 2002 میں حیدر آباد کے شیوم روڈ میں ایک کمپیوٹر سنٹر لگا کر الگ الگ طریقوں سے لوگوں کو ٹھگ کر تقریباً ایک کروڑ روپے قرض لے کر فرار ہو گیا تھا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ نامپلّی پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف معاملہ بھی درج کیا گیا تھا۔ 20 دن جیل میں رہ کر ضمانت پر باہر آیا تھا۔ اس کے بعد سائیں بھکت بن کر سائیں بابا کی زندگی پر کئی ٹی وی چینلوں پر تقریر کرتا تھا۔ 2017 میں اپنا یو ٹیوب چینل بنایا تھا، جس میں تقریر کر کے معصوم بھکتوں کو متوجہ کر کے ان سے پیسے اینٹھتا تھا۔ پولیس نے اس کے پاس سے 26 لاکھ روپے، 500 گرام سونے کے زیورات، 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کے 3 فکسڈ ڈپازٹ، 17 ایکڑ زمین کے کاغذات، 7 لیپ ٹاپ، 4 سیل فون، 1 کار ضبط کی ہے۔ اس کے علاوہ کئی خواتین کے ساتھ واٹس ایپ چیٹ بھی یہ فرضی بابا کرتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔