نتیش حکومت کے خلاف تیجسوی کا اعلان جنگ، 9 ستمبر کو رات 9 بجے 9 منٹ تک لالٹین جلانے کی اپیل

بہار اسمبلی انتخاب سے قبل آر جے ڈی بے روزگاری کو ایشو بنانے کی کوشش میں لگی ہے۔ ریاستی اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر تیجسوی یادو نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بدھ کو رات 9 بجے لالٹین، موم بتی یا دیا جلائیں

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب سے قبل راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے نتیش حکومت کے خلاف بے روزگاری کو ایشو بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آج حزب مخالف لیڈر تیجسوی یادو نے اعلان جنگ بھی کر دیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ 9 ستمبر (بدھ) کی رات 9 بجے سبھی لوگ اپنے گھروں کی لائٹ 9 منٹ تک بند کر دیں اور لالٹین، موم بتی یا پھر دیا جلائیں۔ تیجسوی یادو نے بدھ کے روز کہا کہ بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بہار میں کورونا انفیکشن کے دور میں گھر لوٹے لوگوں کو نتیش حکومت روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

تیجسوی یادو نے نتیش حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں اور کچھ خود مختار اداروں نے بدھ کی رات 9 بجے 9 منٹ تک دیا، لالٹین یا موم بتی جلانے کا اعلان کیا ہے جسے ان کی پارٹی حمایت دے رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی ماں رابڑی دیوی کے ساتھ چھت پر لالٹین لے کر کھڑے رہیں گے۔


تیجسوی یادو کے اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں سرگرمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ برسراقتدار پارٹی کے لیڈران تیجسوی پر حملہ آور نظر آ رہے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان نکھل آنند کا کہنا ہے کہ آر جے ڈی کو انتخاب میں کوئی ایشو نہیں مل رہا ہے اس لیے پارٹی لیڈران بلاوجہ کی باتیں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج مرکز اور بہار حکومت نے مل کر ریاست میں جو ترقیاتی کے کام کیے ہیں، اس سے آر جے ڈی کے سبھی ایشوز ختم ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔