ڈرگس کنکشن: ریا چکرورتی کے بعد بھائی شووِک بھی 14 دنوں کی عدالتی حراست میں
بدھ کی صبح شووِک چکرورتی، زید اور سیموئل مرانڈا کو این سی بی دفتر سے عدالت لے جایا گیا۔ تینوں کو ممبئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر عدالت نے انھیں 14 روزہ حراست میں بھیج دیا۔
ایک طرف سوشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی بھائیکھلا جیل میں بند ہیں اور دوسری طرف ریا کے بھائی شووِک چکرورتی کو بھی عدالت نے 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ ڈرگس کنکشن میں ہی منگل کے روز ریا چکرورتی کو 14 روزہ عدالتی حراست میں بھیجا گیا تھا، اور آج شووِک کے ساتھ ساتھ سیموئل مرانڈا اور زید کو بھی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ریا چکرورتی کے ساتھ ساتھ شووِک چکرورتی کی ضمانت عرضی پر 10 ستمبر کو ممبئی کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوگی۔ چونکہ ریا چکرورتی کے خلاف این سی بی نے دفعہ 27(اے) لگائی ہے، اس لیے ضمانت ملنے میں انھیں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریا کے ساتھ ساتھ شووِک پر بھی ڈرگ ٹریفیکنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بہر حال، خبروں کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے شووِک چکرورتی، زید اور سیموئل مرانڈا کو این سی بی دفتر سے عدالت لے جایا گیا۔ تینوں کو ممبئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر عدالت نے انھیں 14 روزہ حراست میں بھیج دیا۔ دراصل شووِک، زید اور مرانڈا کی ریمانڈ کی مدت آج ختم ہو رہی تھی اس لیے انھیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔