تیلگو ٹی وی اداکارہ کونڈاپلّی شراونی نے کی خودکشی، کمرے میں لٹکی ملی لاش

پولس نے کونڈاپلّی شراونی کی لاش کو قبضے میں لے لیا ہے اور جانچ شروع کر دی ہے۔ کونڈاپلّی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ شراونی نے اپنے پرانے عاشق دیوراج کے استحصال سے پریشان ہو کر یہ قدم اٹھایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

تیلگو ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ کونڈاپلّی شراونی نے حیدر آباد واقع اپنے گھر میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ بدھ کے روز پولس نے اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ کونڈاپلّی شراونی منگل کے روز مدھر نگر واقع اپنے گھر میں پھانسی سے لٹکی پائی گئیں۔ ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیڈ روم میں گئی اور دروازہ بند کر لیا۔ انھیں لگا کہ وہ غسل کر رہی ہیں، لیکن جب وہ کافی دیر تک باہر نہیں آئیں تو انھوں نے دروازہ توڑا اور دیکھا کہ وہ لٹکی ہوئی ہیں۔ کونڈاپلّی کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

پولس نے لاش کی جانچ کے لیے لیباریٹری بھیج دیا ہے اور معاملے کی تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔ گھر والوں کا الزام ہے کہ شراونی نے اپنے پرانے عاشق دیوراج ریڈی کے استحصال سے پریشان ہو کر یہ قدم اٹھایا ہے۔ پولس نے کہا ہے کہ فیملی نے اس کے خلاف کچھ دن پہلے معاملہ درج کرایا تھا اور انھوں نے شراونی کو اس کے ساتھ گھومنے کو لے کر متنبہ بھی کیا تھا۔


ایم آر نگر کے انسپکٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ دیوراج کے ساتھ گھومنے کو لے کر منگل کی دیر رات شراونی کی اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ بحث ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ اپنے کمرے میں گئی اور خود کو پھانسی لگا لی۔ پولس نے دیوراج کو گرفتار کرنے کے لیے آندھرا پردیش کے کاکیناڈا شہر میں ایک ٹیم بھیجی ہے۔ انسپکٹر کا کہنا ہے کہ "چونکہ شراونی کی فیملی اس پر الزام لگا رہی ہے، اس لیے ہم اسے گرفتار کریں گے اور پوچھ تاچھ کریں گے۔"

پولس افسر کا کہنا ہے کہ دیوراج کو جون میں شراونی کے ذریعہ شکایت کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اس میں کہا گیا تھا کہ وہ شراونی سے شادی کرنے کے لیے اسے پریشان کر رہا تھا۔ شراونی کے گھر والوں نے الزام عائد کیا ہے کہ دیوراج کے خلاف شکایت کرنے کے بعد بھی پولس کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔


واضح رہے کہ دیوراج کچھ مہینے پہلے ٹک ٹاک کے ذریعہ سے اداکارہ کے رابطے میں آئے تھے اور پھر دونوں کی دوستی پیار میں بدل گئی۔ شراونی کی فیملی نے کہا ہے کہ دیوراج نے اسے پیسے کے لیے پریشان کرنا شروع کر دیا تھا۔ وہ اس کی نجی تصویریں اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ لہٰذا فیملی نے دیوراج کو ایک لاکھ روپے گوگل پے کے ذریعہ سے دیئے۔ حالانکہ مبینہ طور سے وہ پیسے لینے کے بعد بھی پریشان کرتا رہا، لہٰذا انھوں نے اس کے خلاف ایس آر نگر تھانہ میں 22 جون کو شکایت درج کرائی۔ وہیں پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ شکایت میں ویڈیو اور تصویروں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Sep 2020, 3:40 PM