’ہتھوڑا‘ بی ایم سی کا، الزام بابر اور پاکستان پر! دفتر پر کارروائی سے بوکھلائی کنگنا

کنگنا نے کہا کہ یہ میرے لئے محض ایک عمارت نہیں، بلکہ یہ رام مندر ہی ہے۔ آج یہاں بابر آیا ہے اور تاریخ خود کو پھر دوہرا رہی ہے۔ رام مندر ایک بار پھر ٹوٹے گا لیکن یاد رکھنا بابر! یہ مندر پھر بنے گا۔

تصویر شکریہ ٹوئٹر
تصویر شکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: کنگنا رناوت کے ہماچل پردیش سے ممبئی پہنچے سے قبل ہی بی ایم سی (برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن) پالی ہلز علاقہ میں واقع ان کے دفتر کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ اس کارروائی سے کنگنا بری طرح سے بوکھلا گئی ہیں اور ایک مرتبہ پھر ممبئی کا موازنہ پاکستان اور پی او کے سے کرتے ہوئے بی ایم سی کی کارروائی کو بابر کی کارروائی قرار دیا اور پولیس کو بابر کی فوج قرار دیا! بی ایم سی عملہ نے بُل ڈوزر اور دیگر ساز و سامان کے ساتھ پہنچ کر ان کے دفتر کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا ہے۔

حفاظتی گھیرے میں ممبئی روانہ ہوتیں کنگنا
حفاظتی گھیرے میں ممبئی روانہ ہوتیں کنگنا

خیال رہے کہ کئی دنوں سے شیوسینا کے ساتھ زبانی جنگ لڑنے والی کنگنا ہماچل پردیش کے منڈی سے ممبئی کے لئے روانہ ہو چکی ہیں۔ انہیں مرکز کی طرف سے وائی زمرے کی سیکورٹی حاصل ہے اور ایئر پورٹ تک جاتے وقت وہ سی آر پی ایف جوانون کے حفاظتی گھیرے میں نظر آئیں۔


ادھر، بی ایم سی کی کارروائی سے بوکھلائی کنگنا یکے بعد دیگرے ٹوئٹز کر رہی ہیں اور اپنا غبار نکال رہی ہیں۔ دریں اثنا اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کا گھر کوئی غیر قانونی تعمیر نہیں ہے اور ہائی کورٹ نے 30 ستمبر تک توڑ پھوڑ پر روک لگا دی ہے۔ واضح رہے کہ بی ایم سی کی کارروائی کے دوران کنگنا نے اپنے وکیل کے ذریعے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ کنگنا کے وکیل رضوان صدیقی نے ہائی کورٹ میں بی ایم سی کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔

قبل ازیں، کنگنا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ’’مہاراشٹر حکومت کے کچھ غنڈے میری املاک کو غیر قانونی طریقہ سے توڑنے پر آمادہ ہیں۔ میں نے کہا ہے کہ توڑ دو۔ مہاراشٹر کے گورَو کے لئے خون دینے کا وعدہ کیا تھا، یہ تو کچھ بھی نہیں۔ ایسا کر کے آپ میرے حوصلے مزید بلند کر رہے ہیں۔‘‘

کنگنا کے پروڈکشن ہاؤس پر نوٹس چسپاں کرتے بی ایم سی اہلکار / تصویر یو این آئی
کنگنا کے پروڈکشن ہاؤس پر نوٹس چسپاں کرتے بی ایم سی اہلکار / تصویر یو این آئی

اپنے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کنگنا نے اپنے دفتر کو ایودھیا کا رام مندر اور مہاراشٹر پولیس کو بابر قرار دیا۔ انہوں نے دفتر کے افتتاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ منی کرنکا فلمز میں پہلی فلم ایودھیا کا اعلان ہوا ہے، یہ میرے لئے محض ایک عمارت نہیں ہے بلکہ یہ رام مندر ہی ہے۔ آج یہاں بابر آیا ہے اور تاریخ خود کو پھر دوہرا رہی ہے۔ رام مندر ایک بار پھر ٹوٹے گا لیکن یاد رکھنا بابر! یہ مندر پھر بنے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Sep 2020, 12:52 PM