تمل ناڈو حکومت کا آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کوفرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ
تمل ناڈو میں مہاجر مزدوروں پر حملے سے متعلق حقائق کو منظرِ عام پر لانے پر محمد زبیر کو یہ ایوارڈ دیا گیا ہے، جبکہ 2 دیگر لوگوں کو بھی اس موقع پر ایوارڈ سے نوازا گیا
چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو ’’کوٹائی امیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ 2024‘‘ سے نوازا۔ محمد زبیر تمل ناڈو کے کرشنا گری ضلع کے ڈنکانکٹّوئی کے رہنے والے ہیں۔
محمد زبیر کودیئے گئے سپاس نامے میں کہا گیا ہے کہ ان کا کام سماج میں فرضی خبروں کی وجہ سے ہونے والے تشدد کو روکنے میں مدد کرنا ہے۔ آلٹ نیوز خبروں کے پیچھے کی سچائی کو سامنے لاتا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں مہاجر مزدوروں پر حملے کی سچائی کو محمد زبیر آلٹ نیوز کے ذریعے عوام کے سامنے لائے تھے۔ محمد زبیر نے ویڈیوز فوٹیج کو چیک کرنے کے بعد کہا تھا کہ تمل ناڈو میں مہاجر مزدوروں پر ہونے والے حملوں کی ویڈیوز جعلی ہیں۔ محمد زبیر کی اس تصدیق سے تمل ناڈو میں ایک بڑا تشدد رک گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : آندھرا پردیش میں آٹو رکشہ اور بس میں تصادم، تین افراد ہلاک
وزیر اعلیٰ نے یو آئی امّل عرف پورنم کو وزیر اعلیٰ کا خصوصی انعام بھی دیا، جنہوں نےوائی کوڈی کولم میں مدورئی اسٹیٹ پنچایت یونین مڈل اسکول کو ہائی اسکول کی شکل میں اپ گریڈ کرنے کے لیے اپنی 1.5 ایکڑ زمین وقف کردی۔ انہوں نے اپنی بیٹی جننی کی یاد میں یہ زمین کی وقف کی جو اب اس دنیا میں نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات، ٹیم مالک کی تردید
وزیر اعلیٰ نے تھوتھوکڑی ضلع کے کایل پٹنم کے ماہی گیر یاسر عرفات کو بہادری کے لیے ’انّا پدک 2024‘ بھی دیا جنہوں نے تباہ کن باڑھ سے تقریباً 250 لوگوں کو بچانے کے لیے سنگی تھورائی کے درجن بھر سے زائد ماہی گیروں کی قیادت کی تھی۔
تمل ناڈو حکومت نے فرقہ وارنہ ہم آہنگی کو بڑھاوا دینے کے لیے 2000 میں کوٹئی امیر فرقہ وارنہ ہم آہنگی ایوارڈ کی شروعات کی تھی۔ یہ ایوارڈ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں بہترین خدمات کے لیے ریاست کے ہی کسی شخص کو دیا جاتا ہے۔ ایوارڈ کے طور پر ایک میڈل، 25000 روپئے نقد اور ایک سپاس نامہ دیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔