گرفتاری کے خوف میں مبتلا سوشانت سنگھ کی بہنوں نے کیا عدالت کا رخ
اداکارہ ریا چکرورتی نے بامبے ہائی کورٹ سے گزارش کی ہے کہ سوشانت کی بہنوں نے جو ایف آئی آر رد کرنے کی عرضی داخل کی ہے، اسے خارج کر دیا جائے اور دونوں بہنوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ میں تفتیش اب بھی جاری ہے او راس درمیان سوشانت کی بہنوں پرینکا سنگھ اور میتو سنگھ کو گرفتاری کا خوف ستانے لگا ہے۔ دراصل سوشانت کی بہنوں کے خلاف ریا چکرورتی نے ستمبر مہینے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی اور اب پرینکا و میتو کو اس بات کا خوف ہے کہ سی بی آئی انھیں کبھی بھی گرفتار کر سکتی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے انھوں نے بامبے ہائی کورٹ سے گزارش کی ہے کہ اس کیس کا نمٹارا جلد سے جلد کیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ ریا چکرورتی نے ستمبر مہینے میں سوشانت کی بہنوں کے خلاف جو ایف آئی آر درج کرائی تھی، اس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سوشانت کی بہنوں نے اداکار کو بغیر کسی ڈاکٹر کے پرسکرپشن کے دوائیاں دیں، جس کی وجہ سے اداکار کو ’پینک اٹیک‘ آیا اور انھوں نے خودکشی کر لی۔ ایف آئی آر کی کاپی ممبئی پولس نے سی بی آئی کے سپرد کر دیا تھا، اور اب سوشانت کی بہنوں کو ڈر لگ رہا ہے کہ سی بی آئی انھیں کبھی بھی گرفتار کر سکتی ہے۔ اسی لیے پرینکا اور میتو نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر سماعت جلد سے جلد کرنے کی گزارش کی ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سوشانت کی دونوں بہنیں چاہتی ہیں کہ ریا چکرورتی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر کے تحت ان کے خلاف کسی بھی کارروائی کا امکان بنے، اس سے قبل ان کی سماعت عدالت میں ہو جائے۔ یہی بات دونوں نے اپنے وکیل کے ذریعہ سے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس ایم ایس کرنک کے سامنے رکھی۔
یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ اس تعلق سے ریا چکرورتی نے بھی بامبے ہائی کورٹ سے گزارش کی ہے کہ سوشانت کی بہنوں نے جو ایف آئی آر رد کرنے کی عرضی داخل کی ہے، اسے خارج کر دیا جائے اور دونوں بہنوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ ریا کی عرضی کے بعد سوشانت کی بہنوں کا پریشان ہونا لازمی ہے، کیونکہ عدالت نے ریا کی عرضی پر توجہ دی تو پھر ان کےلیے مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔