بہار: پہلے مرحلہ میں 71 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل، 1066 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند
پہلے مرحلہ میں 71 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل، 1066 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند
بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کے تحت بدھ کے روز 71 اسمبلی حلقوں میں سخت حفاظتی انتظام کے درمیان ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 1066 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہو گئی۔ اچھی بات یہ رہی کہ چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ دیا جائے تو کہیں سے کوئی بڑے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔
بھوجپور میں بوتھ کیپچرنگ کی کوشش، کئی لوگ زخمی
بھوجپور میں شاہ پور اسمبلی حلقہ کے سہجولی گاؤں میں بوتھ کیپچرنگ کو لے کر دو امیدواروں کے حامیوں میں خونی تصادم دیکھنے کو ملا۔ ہندی نیوز ویب سائٹ دینک بھاسکر پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں 6 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو پر آرہ کے بوتھ نمبر 115 پر حملہ، بھاگ کر بچائی جان
آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو پر حملے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آرہ کے بوتھ نمبر 115 پر کچھ لوگوں نے سروج یادو پر حملہ کیا۔ کسی طرح بھاگ کر انھوں نے اپنی جان بچائی۔ رکن اسمبلی کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا جس کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ گاڑی کا شیشہ آگے سے ٹوٹا ہوا نظر آ رہا ہے۔ حالانکہ اس حملہ کے تعلق سے انتظامیہ نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
بڑہرا کے آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو نے اپنے اوپر حملے کی بات میڈیا سے کہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سروج یادو کا پہلے کچھ لوگوں نے مخالفت کی اور پھر پتھراؤ شروع کر دیا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ سروج یادو بھوجپور کے بڑہرا سے اس بار بھی آر جے ڈی امیدوار ہیں۔
پہلے مرحلہ میں 3 بجے تک 46 فیصد سے زائد پولنگ، کئی پولنگ مراکز پر لوگوں کی لگی ہے قطار
پہلے مرحلہ میں 3 بجے تک 46.29 فیصد پولنگ کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ کئی پولنگ مراکز پر اب بھی لوگوں کی قطار دیکھنے کو مل رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کچھ مقامات پر 3 بجے تک 50 فیصد سے زائد پولنگ درج کی گئی ہے۔
نتیش کے وزیر کو پولنگ بوتھ پر کمل کا لوگو والا ماسک پہننا پڑا بھاری، درج ہوگی ایف آئی آر
نتیش حکومت میں وزیر اور بی جے پی لیڈر پریم کمار کو پارٹی کا لوگو بنا ماسک پہن کر گیا میں پولنگ مرکز پہنچ کر ووٹ ڈالنا بھاری پڑ گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر اب بی جے پی لیڈر پریم کمار کے خلاف ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں ایف آئی آر درج کریں گے۔
پہلے مرحلہ میں ایک بجے تک ہوئی 31.54 فیصد ووٹنگ
اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کورونا انفیکشن کے خوف سے پہلے مرحلہ میں لوگ کم تعداد میں ووٹنگ کے لیے گھروں سے باہر نکلیں گے، لیکن ایک بجے تک جو ووٹنگ ہوئی ہے، اس سے ایسا ظاہر نہیں ہو رہا۔ خبروں کے مطابق بہار میں ایک بجے تک 31.54 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ اس نمبر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں نے کورونا کے خوف پر جیت حاصل کر لی ہے۔
مونگریر میں ای وی ایم سے آر جے ڈی امیدوار کا بٹن ندارد
آرا کی شاہ پور سیٹ کے بہیاں گاؤں کے بوتھ نمبر 286، منگیر سیٹ پر 165 اور 231 اور نواگڑھی مہادیو پور سرکاری بنگلے پر ای وی ایم خراب ہونے کی شکایت موصول ہو رہی ہے اور ووٹنگ فی الحال روک دی گئی ہے۔ وہیں، مونگری کے نواگڑھی میں ای وی ایم سے آر جے ڈی امیدوار کا انتخابی نشان ندارد ہے۔
گیا میں ہنگامہ، بی جے پی کو ووٹ دینے کے لئے دباؤ بنایا گیا، خواتین کا الزام
گیا شہر اسمبلی حلقہ میں سوراج پوری روڈ کے بوتھ پر کچھ خواتین نے یہ کہہ کر ہنگامہ کیا کہ کچھ لوگوں نے ان پر بی جے پی کو ووٹ دینے کے لئے دباؤ بنایا۔ خواتین موقع پر ہی پولنگ اہلکاروں سے الجھ گئیں۔ بی جے پی کے رہنما اور ریاستی وزیر زراعت ڈاکٹر پریم کمار گیا شہر اسمبلی حلقہ سے امیدوار ہیں، جبکہ کانگریس کی طرف سے اکھوری اونکار ناتھ میدان میں ہیں۔
ووٹ کے لئے بٹن انگلی سے نہیں دماغ سے دبانا: سونو سود
اداکار اور لاک ڈاؤں کے دران مہاجر مزدوروں اور طلبا کی دل کھول کر مدد کرنے والے سونو سود نے بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے دوران ووٹروں سے اپنا دماغ استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
سونو سود نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’جس دن ہمارے بہاری بھائیوں کو گھر چھوڑ کر دوسرے صوبہ نہیں جانا پڑے گا۔ جس دن دوسرے صوبے کے لوگ بہار میں کام ڈھونڈنے آئیں گے اس دن ملک کی جیت ہوگی۔’’ سونو سود نے کہا کہ ووٹ کے لئے بٹن انگلی سے نہیں دماغ سے لگانا۔
بی جے پی چراغ سے اپنا گھر روشن کرنے اور نتیش کا گھر جلانے کی خواہاں، کانگریس
بہار انتخابات کے دوران این ڈی اے سے علیحدہ ہو چکی ایل جے پی کے لیڈر چراغ پاسوان نتیش پر تو حملہ آور ہیں لیکن بی جے پی کے خلاف ایک لفظ نہیں بول رہے، اسی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس کے بہار انچارج شکتی سنگھ گوہل نے کہا، ’’بی جے پی اپنے گھر کو روشن کرنے اور نتیش کے گھر کو جلانے کے لئے اپنے ہاتھ میں چراغ رکھنا چاہتی ہے۔ وہ چراغ کو بجھانا چاہتے ہیں، اس لئے بی جے پی پہلے چراغ کا استعمال کرنا چاہتی ہے اور پھر اس سے نجات پا لینا۔‘‘
پہلے مرحلہ میں 9.30 بجے تک 7.17 فیصد ووٹنگ
بہار اسمبلی انتخابات میں پہلے مرحلہ کی پولنگ جاری ہے اور صبح 9.30 بجے تک کل 7.17 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولنگ مراکز کے باہر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
وہیں، مونگری کے تاراپور اسمبلی علاقہ میں بوتھ نمبر 175، 164، 53، 42 اے اور 22 پر ای وی ایم خراب ہونے کی وجہ سے ووٹنگ ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی۔ صبح سے کئی اسمبلی حلقوں میں یہ شکایت آ چکی ہے۔
اس بار انصاف، روزگار، کسان-مزدور کے لئے ووٹ کریں: راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز بہار اسمبلی کی 71 نشستوں کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں رائے دہندگان سے مہاگٹھ بندھن کی حمایت میں ووٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’’آج بہار بدلے گا‘‘۔
کانگریس، بہار میں ریاست کے سابق نائب وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے تیجسوی یادو کی سربراہی میں اسمبلی انتخابات لڑ رہی ہے۔ ریاست میں ووٹنگ تین مراحل میں ڈالے جائیں گے۔
کیرالہ میں وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’اس بار انصاف، روزگار، کسان مزدوروں کے لئے، آپ کا ووٹ صرف مہا گٹھ بندھن کے لئے ہے۔ بہار میں پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کیلئے آپ سبھی کو نیک خواہشات ۔آج بدلے گا بہار‘‘۔
مونگیر میں پولیس کو جنرل ڈائر بننے کی اجازت کس نے دی؟ تیجسوی یادو
بہار میں پہلے مرحلہ کی پونگ کے درمیان مہا گٹھ بندھن نے پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس کی۔ آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو نے اس موقع پر مونگیر میں ہونے والے لاٹھی چارج کا مسئلہ اٹھایا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے اس معاملہ میں ٹوئٹ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ اس معاملہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ مونگیر پولیس کو جنرل ڈائر بننے کی اجازت کسنے دی۔
وزیراعظم کی بہارکے ووٹروں سے کورونا سے ہوشیار رہنے کی اپیل
وزیراعظم نریندر مودی نے بہار اسمبلی انتخابات کے بدھ کے روز پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کیلئے رائے دہندگان سے عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ سے متعلق ہدایات، ضابطوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’یاد رکھیں، پہلے ووٹ، پھر ناشتہ‘‘۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے ووٹروں سے اپیل کی کہ ’’آج بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کا پہلا دور ہے۔ میں تمام ووٹرزسے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کوڈ19 سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے جمہوریت کے اس تہوار میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ دو گز کی طرف دھیان رکھیں ، ماسک ضرور پہنیں۔ یاد رکھیں پہلے ووٹ پھر ناشتہ۔‘‘
وزیر اعظم اپنی انتخابی مہم کے دوسرے دور میں آج دربھنگہ ، مظفر پور اور دارالحکومت پٹنہ میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
اورنگ آباد میں آئی ای ڈی برآمد
بہار میں پہلے مرحلہ کی پولنگ شروع ہونے سے قبل اورنگ آباد کے ڈبھری میں سی آر پی ایف نے آئی ای ڈی برآمد کئے۔ نکسل متاثرہ علاقہ میں ووٹنگ ہونی ہے اس سے پہلے نکسلی تنظیموں نے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ یہاں کے پہل کے نیچے دو بم لگائے گئے تھے لیکن سی آر پی ایف نے وقت رہتے انہیں دیکھا اور ناکارہ بنا دیا۔
پہلے مرحلہ مین 71 سیٹوں پر پولنگ جاری
بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے پہلے مرحلہ کی پولنگ صبح 7 بجے سے شروع ہو گئی۔ پہلے مرحلہ میں 71 اسمبلی سیٹوں پر 2.14 کروڑ سے زیادہ ووٹر 1066 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
پہلے مرحلہ کی 71 سیٹوں میں سے تیجسوی یادو کی قیادت والے مہا گٹھ بندھن کی طرف سے آر جے ڈی 42 سیٹوں پر، جبکہ اس کی اتحادی جماعت کانگریس 21 اور سی پی آئی (مالے) 8 سیٹوں پر میدان میں ہے۔ وہیں نتیش کی قیادت والے این ڈی اے کی طرف سے جے ڈی یو 35 سیٹوں پر، بی جے پی 29 سیٹوں پر اور جیتن رام مانجھی کی ہندوستان عوام مورچہ 6 اور وی آئی پی ایک سیٹ پر انتخاب لڑ رہی ہے۔
بہار میں تبدیلی کےلئے عظیم اتحاد کی جیت ضروری :سونیا
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کو ضروری بتاتے ہوئے ریاست میں تبدیلی لانے کےلئے عوام سے عظیم اتحاد کو اقتدار سونپنے کی اپیل کی ہے محترمہ گاندھی نے بہار کے عوام کے نام یہاں جاری ایک پیغام میں کہا ہےکہ بہار حکومت اپنے مقصد سے بھٹک گئی ہے جس سے مزدور،کسان اور نوجوان مایوس ہیں۔ معیشت نازک ہونے کی وجہ سے ریاست کے دلت اور مہادلت بدحالی کی کگار پر پہنچ گئے ہیں۔
کانگریس عظیم اتحاد کو بہار کے عوام کی پکار اور آواز قرار دیتے ہوئے دہلی اور بہار کی حکومت کو انہوں نے ’بندی حکومتیں‘ بتایا اور کہا کہ یہ حکومت عوام کو نوٹ بندی ،تالا بندی ،تجارت بندی،اقتصادی بندی ،کھیت کھلہان بندی،روٹی روزگار بندی کے سوا کچھ نہیں دے رہی ہے اس لئے اس الیکشن میں بہار میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا،’’ بہار کی اس بندی حکومت کے خلاف - اگلی نسل اور اگلی فصل کےلئے،ایک نئے بہار کی تعمیر کےلئے،بہار کے عوام تیار ہیں۔ اب تبدیلی کی بیار ہے۔ کیونکہ تبدیلی جوش ہے ،توانائی ہے،نئی سوچ ہے اور طاقت ہے۔ اب نئی عبارت لکھنے کا وقت آگیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔