سوشانت کیس: ممبئی پولیس کے خلاف ’میڈیا ٹرائل‘ سے سبکدوش افسران ناراض، عرضی داخل

ممبئی پولیس کے سابق پولیس افسران نے عدالت میں عرضی دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشانت سنگھ کی موت کے معاملے میں ممبئی پولیس کے خلاف بیجا، بدنیتی سے پُر اور فرضی میڈیا کیمپین چلائی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں میڈیا کے ایک حصے نے پہلے ریا چکرورتی کو قاتل کہنے پر آمادہ تھا لیکن جب سی بی آئی کو اداکارہ کے خلاف کچھ نہیں ملا تو وہ اب ممبئی پولیس کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ ممبئی پولیس کے خلاف اس میڈیا ٹرائل پر مہاراشٹر پولیس کے آٹھ سابق افسران ناراض ہیں اور انہوں نے اسے پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

ممبئی پولیس کے ان سابق پولیس افسران کی جانب سے عدالت عالیہ میں عرضی دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں ممبئی پولیس کے خلاف بیجا، بدنیتی سے پُر اور فرضی میڈیا کیمپین چلائی جا رہی ہے۔


سابق ڈی جی پی، پی پی ایس پارسیچا، کے ڈی شوانندن، سنجیو دیال اور ایس سی ماتھر کے ساتھ سابق کمشنر ایم این سنگھ، ڈی این جادھو اور کے پی رگھونشی نے یونین آف انڈیا، پریس کونسل آف انڈیا، نیوز براڈکاسٹرس ایسوسی ایشن اور نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈ اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ پرنٹ، الیکٹرانک، ریڈیو، انٹرنیٹ، ٹی وی یا کسی بھی دیگر میڈیا ہاؤس کو ایسے کسی بھی مواد کو شائع یا نشر کرنے کے حوالہ سے رہنما ہدایات جاری کریں، جس سے ممبئی پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔

ان سابق پولیس افسران کی جانب سے دائر کی گئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ اس میڈیا مہم اور غلط رپورٹنگ کا مقصد دیدہ و دانشتہ طور پر ممبئی پولیس کی شبیہ کو داغدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز کا ایک حصہ مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے کی جا رہی تحقیقات کو ان کی جانبدارانہ رپورٹنگ اور غلط پروپیگنڈہ چلا کر متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


عرضی میں کہا گیا ہے کہ کچھ ٹی وی چینلز کے اینکر ممبئی پولیس، اس کے کمشنر، زون کے ڈی سی پی اور دیگر افسران کے خلاف چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن توہین آمیز مہم چلا رہے ہیں۔ قبل ازیں، سوشانت معاملہ میں میڈیا ٹرائل پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کے ساتھ بمبئی ہائی کورٹ میں ایک اور عرضی داخل کی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے بی جے پی اور بہار حکومت کی پوری طاقت لگانے کے بعد سوشانت کیس کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی تھی، تاہم مہاراشٹر حکومت نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحقیقات کو ممبئی پولیس کے پاس ہی رہنے دیا جانا چاہیے۔ اس معاملے کی تحقیقات سپریم کورٹ کے حکم پر سی بی آئی کو سونپ دی گئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔