بامبے ہائی کورٹ نے سابق پروفیسر سائی بابا کی جیل سے رِہائی کا سنایا تھا فیصلہ، سپریم کورٹ نے کر دیا رَد

سپریم کورٹ نے کل بامبے ہائی کورٹ کے ذریعہ بری کیے گئے پروفیسر جی این سائی بابا اور چار دیگر کی رِہائی پر روک لگا دی ہے، اب اس معاملے پر آئندہ سماعت 8 دسمبر کو ہوگی۔

سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا کی رِہائی کے خلاف مہاراشٹر حکومت کے ذریعہ داخل عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے 14 اکتوبر کے بری کرنے کے حکم کو رد کر دیا۔ اس فیصلے کے مطابق سائی بابا اور چار دیگر افراد کی رِہائی پر روک لگ گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس معاملے پر آئندہ سماعت 8 دسمبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ بامبے ہائی کورٹ نے دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا کو مبینہ ماؤوادی لنک معاملے میں بڑی راحت دیتے ہوئے جمعہ کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے سائی بابا کو بری کرتے ہوئے انھیں فوراً جیل سے رِہا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے علاوہ عدالت نے اس معاملے میں دیگر 5 لوگوں کو بھی رِہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ ان سبھی لوگوں کے خلاف اگر کوئی کیس درج نہیں ہو تو انھیں فوراً جیل سے بری کر دیا جائے۔ ملزمین میں ایک شخص کی پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔


فی الحال پروفیسر جی این سائی بابا، ناگپور سنٹرل جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ وہیں بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو مہاراشٹر حکومت نے چیلنج پیش کیا تھا اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ اسی سلسلے میں آج سپریم کورٹ نے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے 14 اکتوبر کے حکم کو مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر کے گڑھ چرولی ضلع کی ایک سیشن عدالت نے مارچ 2017 میں جی این سائی بابا، ایک صحافی اور جے این یو کے ایک طالب علم سمیت دیگر کو ماؤوادی لنک اور ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کی سرگرمیوں سے جڑنے کے معاملے میں قصوروار قرار دیا تھا۔ عدالت نے یو اے پی اے اور تعزیرات ہند کی الگ الگ دفعات کے تحت قصوروار ٹھہرایا تھا۔


اس سے قبل جی این سائی بابا نے جیل میں بھوک ہڑتال کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جیل کی کوٹھری کے اندر سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کی انھوں نے مخالفت کی تھی اور غیر معینہ بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمرہ بیت الخلاء کے فوٹیج ریکارڈ کرے گا۔ اس کے بعد ان کی بیوی اور بھائی نے مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس کو خط لکھ کر جیل کی کوٹھری سے سی سی ٹی وی کیمرے کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔