میزورم کی راجدھانی آئیزول میں موسلادھار بارش کے سبب پتھر کی کان منہدم، 12 افراد ہلاک، وزیر اعلیٰ نے طلب کی میٹنگ
ڈی جی پی انل شکلا نے کہا کہ اب تک ملبہ سے 12 لاشوں کو باہر نکالا گیا ہے اور ملبہ میں اب بھی 10 سے زائد لوگوں کے پھنسے ہونے کا امکان ہے۔
میزورم کی راجدھانی آئیزول کے باہری علاقہ میں موسلادھار بارش کے سبب پتھر کی ایک کان منہدم ہو گئی ہے۔ اس حادثہ میں اب تک 12 لوگوں کی جان چلی گئی ہے اور کچھ لوگ اب بھی اس کے ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پولیس اہلکار راحت و بچاؤ کاری کے عمل میں مصروف ہیں۔ زوردار بارش کے سبب ندیوں کا آبی سطح بڑھ چکا ہے اور ندی کنارے مقیم لوگوں کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر پناہ لینی پڑی ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ لالڈوہوما نے میٹنگ بھی طلب کی ہے۔
کان منہدم ہونے کا واقعہ صبح 6 بجے پیش آیا۔ آئیزول شہر کے جنوبی باہری علاقے میں میلتھم اور ہلمین کے درمیان یہ حادثہ ہوا۔ پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) انل شکلا کا کہنا ہے کہ اب تک ملبہ سے 12 لاشوں کو باہر نکالا جا چکا ہے، جبکہ کئی لوگ اب بھی اس میں دبے ہوئے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ مہلوکین میں 7 مقامی افراد ہیں اور بقیہ 3 دیگر ریاستوں کے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملبہ میں اب بھی 10 سے زیادہ لوگوں کے پھنسے ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لوک سبھا انتخابات: راہل گاندھی مین آف دی میچ...سید خرم رضا
موسلادھار بارش کے سبب کئی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہونتھر میں قومی شاہراہ 6 پر لینڈ سلائڈنگ کے سبب آئیزول ملک کے باقی حصوں سے کٹ گیا۔ بارش کے سبب موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے سبھی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گردابی طوفان ’ریمل‘ کے اثر سے زبردست بارش کے سبب ریاست کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اس میں کم از کم دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ آئیزول کے سیلم وینگ میں لینڈ سلائڈنگ سے ایک عمارت منہدم ہو گئی جس کے بعد تین لوگ لاپتہ ہیں۔ فی الحال ان کی تلاش جاری ہے۔ لینڈ سلائڈنگ کے سبب کئی بین ریاستی شاہراہ بھی رخنہ انداز ہو گئی ہیں۔ موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ لالڈوہوما نے وزیر داخلہ کے. سپڈنگا، چیف سکریٹری رینو شرما اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔