شوپیاں اراضی تنازعہ: متوفی کے اہل خانہ کا سری نگر میں احتجاج، انصاف کا مطالبہ
جنوبی کشمیر کے پڈر پورہ گاؤں کے ایک کنبے کے افراد بدھ کی صبح گزشتہ روز اراضی چھڑانے کی مہم کے دوران ایک شخص کی موت واقع ہونے بعد انصاف طلب کرنے کے لئے یہاں پریس کالونی میں نمودار ہوئے۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پڈر پورہ گاؤں کے ایک کنبے کے افراد بدھ کی صبح گزشتہ روز اراضی چھڑانے کی مہم کے دوران ایک شخص کی موت واقع ہونے بعد انصاف طلب کرنے کے لئے یہاں پریس کالونی میں نمودار ہوئے۔ وہ متوفی شخص کی لاش بھی اپنے ساتھ لائے تھے۔
بتادیں کہ شوپیاں کے ہرمین علاقے میں منگل کے روز سرکاری زمین چھڑانے کی مہم کے دوران ہونے والی جھڑپ میں ایک معمر شخص کی موت واقع ہوئی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ متوفی کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی ہے تاہم اہل خانہ کا الزام ہے کہ متوفی کی موت حرکت قلب بند ہونے سے نہیں بلکہ چند مقامی غنڈوں کے حملے سے ہوئی ہے۔
متوفی کے ایک رشتہ دار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ اراضی تنازعہ گزشتہ دو برسوں سے چل رہا ہے اور اس کا عدالت میں بھی ایک کیس چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز ایک ٹیم اچانک جائے موقع پر پہنچی جہاں ایک شیڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ موصوف نے بتایا کہ شیڈ میں متوفی کی گاڑی تھی جس کو نکالنے کے لئے اس کو اصرارکیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 'متعلقہ تحصیلدار صاحب اور اس کی باقی ٹیم کے ساتھ مصروف تھے کہ چند غنڈے جو اس زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، نے متوفی کو باہر نکالا اور پھر کیا ہوا وہ خواتین جانتی ہیں'۔ موصوف نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم انصاف طلب کرنے کی خاطر یہاں آئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔