مہاراشٹر ایم ایل سی الیکشن میں شندے و اجیت پوار گروپ کی مشکلات بڑھیں، ادھو ٹھاکرے نے اتارا اپنا امیدوار

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں سے اگر کسی نے اپنا نام واپس نہیں لیا تو12 جولائی کو ووٹنگ ہوگی اور جس سے شندے و اجیت پوار گروپ کے لیے پریشانی بڑھ جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>ملند نارویکرکاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے / ’ایکس‘&nbsp;@ShivSenaUBT_</p></div>

ملند نارویکرکاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے / ’ایکس‘@ShivSenaUBT_

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کی دو سالہ میعاد کے لیے 12 جولائی کو انتخاب ہو گا۔ اس انتخاب کے لیے شیو سینا-یو بی ٹی نے منگل (2 جولائی) کو پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے کے قریبی ساتھی ملند نارویکر کو میدان میں اتارا ہے، جس کے بعد انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ اگر 12 امیدواروں میں سے کسی نے بھی 5 جولائی تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے تو ووٹنگ 12 جولائی کو ہوگی۔

قانون ساز کونسل کے اس انتخاب میں اسمبلی کے اراکین ووٹ ڈالیں گے۔ مہاراشٹر اسمبلی میں فی الحال 274 ارکان ہیں اور 14 سیٹیں خالی ہیں۔ ایک امیدوار کو جیتنے کے لیے 23 ووٹ درکار ہیں۔ اس انتخاب میں حصہ لینے کے لیے مہایوتی کے 9 اور اپوزیشن ایم وی اے کے 3 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔ شیوسینا-یوبی ٹی کی جانب سے ملند نارویکرکو امیدوار بنایا گیا ہے اور انہوں نے بھی اپنے کاعذات نامزدگی داخل کردیئے ہیں۔ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ایم وی اے کے تینوں امیدوار کامیاب ہوں گے۔ ایم وی اے میں شیو سینا-یو بی ٹی، کانگریس، این سی پی-ایس پی نیز کچھ دیگر چھوٹی پارٹیاں شامل ہیں۔


ادھو ٹھاکرے سے جب یہ پوچھا گیا کہ ایم وی اے کے پاس اپنے تیسرے امیدوار کو کامیاب کرانے کے لیے ووٹ نہیں ہیں تو پھر آپ نے اپنا امیدوار کیوں کھڑا کیا؟ تو انہوں نے کہا کہ ہم جیتیں گے اور اگر ہمیں جیت کا یقین نہ ہوتا تو ہم ایسا نہ کرتے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہم ہی لڑنے والے ہیں، وہ (مہایوتی) اپنے خیمے میں پھوٹ سے خوفزدہ ہیں۔

واضح رہے کہ ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے 103 ارکان ہیں۔ اس کے بعد اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے پاس 40 اور ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کے پاس 38 ایم ایل اے ہیں۔ کانگریس کے 37 ایم ایل اے ہیں، شیو سینا (یو بی ٹی) کے پاس 15 ایم ایل اے ہیں اور شرد پوار کی زیرقیادت این سی پی کے پاس 10 ایم ایل اے ہیں۔

اس انتخاب کے لیے حکمراں بی جے پی نے سابق وزراء پنکجا منڈے، امیت گورکھے، سدا بھاؤ کھوت، یوگیش تلیکر کو ٹکٹ دیا ہے اور پرینئے پھوکے کو دوبارہ اپنا امیدوار بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی زیرقیادت والی شیو سینا نے سابق ممبران پارلیمنٹ کرپال تمانے اور بھاؤنا گاؤلی کو میدان میں اتارا ہے، جب کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے راجیش وٹیکر اور شیواجی راؤ گرجے کوٹکٹ دیا ہے۔ دوسری جانب کانگریس نے پردیومن ساتو کو دوبارہ امیدواری دی ہے۔ این سی پی- ایس پی موجودہ ایم ایل سی اور کسان اور ورکرز پارٹی (پی ڈبلیو پی) کے لیڈر جینت پاٹل کی حمایت کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔