جتنا سفر اتنا ٹول سسٹم تین ماہ میں شروع ہو جائے گا، آمد ورفت کے لیے روڈ میپ بھی پیش
مرکزی وزیر نے ملک میں نقل و حمل سے متعلق ایک روڈ میپ بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ آلودگی ہے۔ ہماری اولین ترجیح اسے کم کرنا ہے۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ٹول ٹیکس کے حوالے سے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب جتنا سفر اتنا ہی ٹول ادا کرنا ہوگا۔ مرکزی وزیر کے مطابق جی پی ایس اور سیٹلائٹ پر مبنی اس نئے ٹول سسٹم کا پہلا مرحلہ تین ماہ میں شروع ہو جائے گا۔ اسی کے ساتھ ہی انہوں نے آلودگی کو کم کرنے کے لیے گرین اینرجی کے استعمال کو ترجیح دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے ذریعے منعقدہ ’انفرا شکتی ایوارڈز‘ کے پروگرام میں مرکزی وزیر برائے سڑک، ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے ملک میں نقل و حمل سے متعلق ایک روڈ میپ بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ آلودگی ہے۔ یہ فضائی آلودگی، آبی آلودگی اور زمینی آلودگی تینوں ہے۔ ہماری اولین ترجیح آلودگی کو کم کرنا ہے۔ دہلی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آلودگی کو کم کرنے کے لیے دہلی میں زیادہ سے زیادہ الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
نتن گڈکری نے کہا کہ یہ بسیں آلودگی سے پاک ہونے کے ساتھ ساتھ سستی بھی ہوں گی۔ اگر گاڑیاں 120 روپے کے پیٹرول کے بجائے 65 روپے کے ایتھنول پر چلتی ہیں تو بچت ہوگی۔ ایتھنول کو بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر سمجھا جا رہا ہے، جو گِرڈ سے بجلی کی جگہ لے لے گا اور لیتھیم بیٹریوں کو ری چارج کرنے کے لیے پلگ اِن سسٹم کی ضرورت کو بھی ختم کر دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مانسون نے 6 دن پہلے ہی پورے ملک کا احاطہ کر لیا: آئی ایم ڈی
مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ وہ بائیو فیول کے حوالے سے بڑے فارمیٹ میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا خرچہ بھی سستا کرنا ہوگا۔ حکومت ہند کی طرف سے دی گئی سبسڈی سے ہم ڈیزل بس کی قیمت 40 فیصد تک کم کر سکتے ہیں۔ گڈکری نے کہا کہ ہم ناگپور میں ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ یہ پروجیکٹ یہاں ٹاٹا گروپ کے ساتھ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ یوگوسلاویہ گئے تھے تو وہاں انہوں نے ایک ٹرالی بس دیکھی۔ اسے تین بسوں کو جوڑ کر بنایا گیا تھا اور اس میں بیک وقت 132 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ گڈکری نے بتایا کہ اسی طرح کا ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ ٹاٹا نے ہتاچی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ یہ اس لیے کہ ہمیں پبلک ٹرانسپورٹ کو سستا کرنا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔