پونچھ اور کٹھوعہ سرحدوں پر گولہ باری، نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو قریب پونے بارہ بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کر دی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کی سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستانی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو قریب پونے بارہ بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود بھارتی فوجی جوانوں نے حملے کا بھرپور جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثنا ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ کی شب قریب دس بجے ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ کی شب قریب دس بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ صبح کے قریب پونے چار بجے تک جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے گرنام اور کرول کرشنا علاقوں میں قائم چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔