شرد پوار کے گھر پر حملہ معاملہ میں پولیس نے وکیل کو کیا گرفتار، حیرت انگیز انکشافات

اسپیشل پبلک پروزیکیوٹر نے بتایا کہ اہم ملزمین میں سے ایک وکیل گمترن سداورتے نے ایم ایس آر ٹی سی ملازمین سے کیس لڑنے کے لیے 2 کروڑ روپے سے زیادہ وصول کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار کے گھر پر ہوئے حملہ معاملے میں ستارا پولیس نے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹیشن کارپوریشن (ایم ایس آر ٹی سی) ملازمین کے وکیل گنرتن سداورتے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گمترن سداورتے اہم ملزمین میں سے ایک ہے۔

8 اپریل کو ممبئی میں شرد پوار کے سلور اوکس بنگلے پر سداورتے کی قیادت میں کئی خواتین سمیت ایم ایس آر ٹی سی سے منسلک 100 سے زائد ملازمین کی بھیڑ نے پتھروں اور جوتوں سے حملہ کیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ کرتے ہوئے پولیس نے سداورتے کو گرفتار کر لیا، جب کہ ان کی بیوی جیہ شری پاٹل سداورتے ابھی فرار ہے۔ سداورتے کو 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔


اس معاملے میں پونے کے ایک صحافی چندرکانت سوریہ ونشی سمیت مجموعی طور پر 115 لوگوں کی گرفتاری ہوئی ہے، اسپیشل پبلک پروزیکیوٹر نے بتایا کہ اہم ملزمین میں سے ایک وکیل گمترن سداورتے نے ایم ایس آر ٹی سی ملازمین سے کیس لڑنے کے لیے 2 کروڑ روپے سے زیادہ وصول کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس معاملے میں مہاراشٹر کی وزارت داخلہ نے خفیہ اطلاعات پر دھیان دینے میں ہوئی چوک کا اعتراف کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ ایم ایس آر ٹی سی کے جو بھی ملازمین حملے میں شامل پائے گئے، انھیں خدمات سے برخاست کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔