چندرابابو نائیڈو اور ایکناتھ شندے کی ملاقات پر سنجے راؤت کا طنز، ’نائیڈو جب این ڈی اے چھوڑیں گے تو نیا اور علاحدہ گھر ہوگا!‘

این ڈی اے کے مستقبل کے بارے میں سنجے راوت نے کہا کہ جب تک چندرابابو نائیڈو این ڈی اے سے وابستہ ہیں، وہ اسی طرح آتے جاتے رہیں گے۔ جب وہ این ڈی اے سے باہر نکلیں گے تو ان کا الگ گھر ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت، فائل فوٹو /  آئی اے این ایس</p></div>

سنجے راؤت، فائل فوٹو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے سے ملاقات کی۔ اس ملاقات پر شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راؤت نے سخت طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب تک وہ این ڈی اے میں ہیں اس طرح کی ملاقاتیں ہوتی رہیں گی۔ جیسے ہی وہ این ڈی اے سے باہر نکلیں گے ویسے ہی نیا اور علاحدہ گھر ہوگا۔

ممبئی میں ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں سنجے راؤت نے کہا ہے کہ چندرابابو نائیڈو ملک کی ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں، وہ ہماری ریاست میں آئے ہیں۔ ہر لیڈر کے درمیان ایک شائستہ ملاقات ہوتی ہے۔ چندرابابو نائیڈو ایکناتھ شندے کے ساتھ این ڈی اے کا حصہ ہیں۔  این ڈی اے کے مستقبل کے بارے میں راوت نے کہا کہ جب تک چندرابابو نائیڈو این ڈی اے سے وابستہ ہیں، وہ اسی طرح آتے جاتے رہیں گے۔ جب وہ این ڈی اے سے باہر نکلیں گے تو ان کا الگ گھر ہوگا۔


چندرابابو نائیڈو اتوار (14 جولائی) کو مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی پہنچے اور یہاں وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دوران شہری ہوا بازی کے وزیر اور ٹی ڈی پی لیڈر رام موہن نائیڈو بھی موجود تھے۔ نائیڈو اور شندے کے درمیان ملاقات کا ویڈیو بھی منظر عام پر آیا ہے، جس میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  آندھرا کے وزیر اعلیٰ کو شال سے پہناتے اور پھولوں کا گلدستہ دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چندرابابو نائیڈو کی پارٹی ٹی ڈی پی این ڈی اے کا حصہ ہے۔ اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ٹی ڈی پی کو 16 سیٹیں ملیں اور وہ کنگ میکر بن کر ابھری۔ ٹی ڈی پی کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد سے اس امکان کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ ٹی ڈی پی این ڈی اے سے الگ ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تومرکز کی مودی حکومت گر جائے گی۔ غالباً یہی وجہ ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں ممبئی میں اپنے دورے کے دوران یہ پیشین گوئی کی تھی کہ مرکز کی مودی حکومت زیادہ دنوں تک نہیں چلے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔