روس نے شہریوں کو محفوظ راہداری دینے کے لیے جنگ بندی کا کیا اعلان
روس نے روسی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور ماریوپول اور وولونواخا سے شہریوں کے انخلاء کے لئے انسانی راہداری کھولی گئی ہے۔
ماسکو/کیف: روس نے یوکرین کے جنگ زدہ علاقے سے لوگوں کو نکالنے میں مدد کے لیے ہفتہ کو روسی وقت کے مطابق صبح 10 بجے جنگ روکنے کے لیے ماریوپول اور وولونواخا سے ایک محفوظ راہداری کا اعلان کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "لوگوں کو محفوظ نکالنے کے لیے یوکرین کے ساتھ کوآرڈینیشن طے پا گیا ہے۔ روسی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے روس نے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور ماریوپول اور وولونواخا سے شہریوں کے انخلاء کے لئے انسانی راہداری کھولی گئی ہے۔‘‘
روس اور یوکرین کے درمیان 3 مارچ کو ہونے والے مذاکرات کا دوسرا دور بیلاروس میں منعقد ہوا۔ روسی دستے کے سربراہ ولادیمیر میڈنسکی نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے فوجی اور بین الاقوامی انسانی مسائل کے ساتھ ساتھ موجودہ صورتحال کے سیاسی حل پر بھی بات کی۔ بات چیت کے دوران شہریوں کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت راہداریوں کے قائم کرنے سمیت کئی امور پر اتفاق رائے ہوا۔ روسی صدر کے پریس سیکرٹری دمتری پیسکوف نے بتایا کہ انسانی ہمدردی کے مسائل پر دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والی اتفاق رائے انتہائی اہم ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا کہ یوکرین اور اس کی فوج نے پہلے ہی انسانی امداد کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی اور وہ شہریوں کے لیے ایک محفوظ راہداری کی ضمانت دیتے ہیں۔ یوکرین نے ریڈ کراس سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد ایک محفوظ انسانی راہداری تعمیر کی جائے۔ ایک دن قبل روسی فیڈریشن کے نیشنل سینٹر فار ڈیفنس کنٹرول کے سربراہ کرنل جنرل میخائل میزنتسیف نے بتایا تھا کہ یوکرین کی سرحد کے بیشتر حصوں میں انسانی صورت حال "انتہائی خراب‘‘ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔