لال قلع تشدد: سی آئی ایس ایف جوانوں پر تلوار چلانے والا ملزم گرفتار!

لال قلع میں سی آئی ایس ایف جوانوں پر تلوار سے حملہ کرنے کا الزام آکاش پریت سنگھ نامی شخص پر عائد کیا گیا ہے۔ کرائم برانچ کے مطابق آکاش کی گرفتاری نارتھ دہلی سے ہوئی ہے۔

تصویر قومی آواز، ویپن
تصویر قومی آواز، ویپن
user

ونے کمار

26 جنوری کو دہلی کے لال قلع میں ہوئے ہنگامہ کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر سی آئی ایس ایف جوانوں پر تلوار سے حملہ کیا تھا۔ اس حملہ کا الزام آکاش پریت سنگھ نامی شخص پر عائد کیا جا رہا ہے۔ دہلی پولس کی کرائم برانچ نے اب آکاش پریت سنگھ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس معاملے میں پہلے ہی 28 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 44 ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق آکاش پریت سنگھ پر لال قلع کے اندر سی آئی ایس ایف جوانوں کے اوپر تلوار سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کرائم برانچ کے مطابق آکاش کی گرفتاری کے لیے دہلی اور پنجاب میں چھاپہ ماری کی گئی جس کے بعد نارتھ دہلی سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ دہلی پولس کی کرائم برانچ کے ایڈیشنل کمشنر بی کے سنگھ کا کہنا ہے کہ آکاش کے خلاف ثبوت ملے ہیں جس کی بنیاد پر اس کی گرفتاری کی گئی۔


واضح رہے کہ 26 جنوری کو دہلی میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں نے ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی۔ دہلی میں نکلی ٹریکٹر پریڈ کے دوران کئی مقامات پر پولس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کی حالت پیدا ہو گئی تھی۔ مبینہ طور پر کسان مظاہرین کا ایک گروپ لال قلع میں بھی داخل ہو گیا تھا اور وہاں توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ مظاہرین کے ذریعہ لال قلع میں سیکورٹی گارڈ پر حملے کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔