سروے: بجٹ سے بیشتر افراد ناخوش، بتایا مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام
بیشتر ہندوستانیوں نے وزیر مالیات سیتارمن کے ذریعہ پیش کیے گئے بجٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آئی اے این ایس-سی ووٹر بجٹ انسٹا پول کے ذریعہ کیے گئے ایک سروے میں لوگ بجٹ سے بہت مایوس نظر آئے۔
مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے یکم فروری کو پارلیمنٹ میں جو بجٹ پیش کیا، اس تعلق سے ہندوستانی باشندوں کا اچھا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ مرکزی بجٹ کو عوام سے بہت کم ’ایپروول ریٹنگ‘ ملی ہے۔ آئی اے این ایس-سی ووٹر بجٹ انسٹا پول میں سامنے آئے نتائج میں بجٹ کو لے کر لوگوں میں زبردست عدم اطمینان دیکھنے کو ملا ہے۔
ہندوستانی باشندے کووڈ-19 بحران کے بعد صحت، معیشت اور سماجی محاذ پر حکومت سے راحت کی امید کر رہے تھے، لیکن سروے میں سامنے آئے نتائج کے مطابق مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے لاکھوں لوگوں کو مایوس کیا ہے۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ مرکزی بجٹ 2021 میں عام شہریوں کے لیے انکم ٹیکس سلیب میں کوئی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ میں وزیر مالیات کے ذریعہ مرکزی بجٹ کے لائیو ٹیلی کاسٹ کے ٹھیک بعد سروے کیا گیا تھا۔ ملک کے مختلف حصوں میں 1200 سے زائد جواب دہندگان سے بات چیت کی گئی۔ سروے میں شامل لوگوں سے پوچھا گیا کہ وہ پیر کو پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ کو لے کر 0 سے لے کر 10 کے درمیان ریٹنگ دیں۔ اس کے بعد 20 ہزار سے 50 ہزار کے درمیان آمدنی والے گروپ کے لوگوں سے کل 6.39 ریٹنگ یا پوائنٹ حاصل ہوئے، جو کل جواب دہندگان کے آمدنی گروپ میں سب سے زیادہ ہے۔
اس درمیان ریٹنگ کو لے کر سب سے کم نمبر ان لوگوں کا دیکھنے کو ملا جو ماہانہ 10 ہزار سے 20 ہزار روپے کماتے ہیں۔ ان لوگوں کے گروپ سے حاصل کل رد عمل کو دیکھا گیا تو بجٹ کو 5.94 پوائنٹ ملے۔ سروے میں سروس سیکٹر (سرکاری اور پرائیویٹ ملازمتیں)، تاجر اور خود کا کام کرنے والے لوگوں کے ساتھ ہی زرعی سرگرمیوں میں شامل لوگوں سے بھی یکساں رد عمل ملے۔ پرائیویٹ سروس گروپ کی جانب سے بجٹ کو 5.15 پوائنٹ ملے۔ علاوہ ازیں سرکاری ملازمین نے 5.37، کاروباری طبقہ نے 5.30 اور زراعت سے جڑے لوگوں نے مرکزی بجٹ کو 5.18 پوائنٹ دیے۔
یہ بھی پڑھیں : بجٹ 2021: جانیں کیا کیا بیچنے والی ہے مودی حکومت!
سروے میں شامل لوگوں سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اس بجٹ کے بعد قیمتیں (مہنگائی) کم ہو جائیں گی؟ اس پر 46.1 فیصد لوگوں نے کہا ’بالکل نہیں‘۔ گزشتہ سال بجٹ 2020 کے بعد جب لوگوں سے یہی سوال پوچھا گیا تھا تو تقریباً 43 فیصد لوگوں نے یہی جواب دیا تھا۔ اس سال کے بجٹ کے بعد تقریباً 21 فیصد لوگوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ سے مہنگائی میں تھوڑی کمی آئے گی۔ علاوہ ازیں 18 فیصد لوگوں کا ایک گروپ ایسا بھی دیکھنے کو ملا جو مانتا ہے کہ یہ بجٹ ’کافی حد تک‘ مہنگائی پر لگام کسے گا۔ اس کے علاوہ 14.8 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ ’نہیں جانتے‘ یا ’کہہ نہیں سکتے‘ کہ یہ بجٹ مہنگائی کو کم کرنے میں مدد کر پائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔