کپوارہ میں سڑک حادثہ: ایس پی او از جان، دوسرا مسافر زخمی
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ – سری نگر شاہراہ پر جمعے کی رات ایک تیز رفتار گاڑی نے دو افراد کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے درگمولہ گاؤں میں جمعے کی رات سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا اسپیشل پولیس افسر(ایس پی او) ہفتے کی صبح زخموں کی تاب نہ لا کر یہاں ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ – سری نگر شاہراہ پر جمعے کی رات ایک تیز رفتار گاڑی نے دو افراد کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ایک زخمی جس کی حالت نازک بنی ہوئی تھی، کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ ریفر کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکمز میں رات بھر زیر علاج رہنے کے بعد ہفتے کی صبح وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی، جو ایس پی او کی حیثیت سے جے آئی سی کپوارہ میں تعینات تھا، کی شناخت 28 سالہ محمد سرفراز ولد محمد مصری ساکن کنی پورہ کلاروس کے بطور ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دوسرے زخمی کی شناخت ارشاد احمد کھاری ولد محمد عبداللہ کھاری ساکن درگمولہ کے بطور ہوئی ہے جو زیر علاج ہے۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔