’بی جے پی کی اسکرپٹ پر کام کر رہی سی بی آئی اور ای ڈی‘، آر جے ڈی لیڈروں کے یہاں چھاپہ ماری پر منوج جھا کا شدید حملہ
منوج جھا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی نے سی بی آئی اور ای ڈی جیسی ایجنسیوں کی شبیہ اس حد تک خراب کر دی ہے کہ کوئی انھیں سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔
ملازمت کے لیے زمین معاملے میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد کے رشتہ داروں اور قریبی ساتھیوں کے یہاں ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی چھاپہ ماری پر پارٹی رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مرکزی ایجنسیاں بی جے پی کی اسکرپٹ پر کام کر رہی ہیں۔ سی بی آئی اور ای ڈی دراصل بی جے پی کے ذریعہ دی گئی اسکرپٹ پر عمل کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ منوج جھا کا کہنا ہے کہ جب بی جے پی اقتدار میں نہیں ہوگی تو اس کے لیڈروں کو مستقبل میں اسی طرح کا سلوک برداشت کرنا ہوگا۔ بی جے پی نے ان ایجنسیوں کی شبیہ کو اس حد تک خراب کر دیا ہے کہ کوئی بھی انھیں سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔
رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا کا کہنا ہے کہ تیجسوی یادو، ان کے سسرال، لالو پرساد کی بیٹیوں، دیگر رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں پر چھاپہ مارنے کے بعد انھوں نے کیا مقصد حاصل کیا ہے۔ بہار میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بی جے پی گہرے درد میں ہے اور اس لیے وہ ایسا کر رہی ہے۔
منوج جھا نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز کی دباؤ والی سیاست لالو پرساد کو متاثر نہیں کرے گی۔ وہ اس طرح کے عمل کے بعد ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سیاسی لڑائی سیاسی طریقے سے لڑی جانی چاہیے، انھیں سی بی آئی اور ای ڈی کا کھیل بند کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے پیر کے روز لالو پرساد کے رشتہ داروں اور دوستوں کے پٹنہ، غازی آباد، گروگرام، دہلی، ممبئی اور ملک بھر کے کچھ دیگر مقامات پر 15 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ آر جے ڈی ترجمان چترنجن گگن نے اس درمیان دعویٰ کیا کہ بی جے پی جانتی ہے وہ 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں برسراقتدار نہیں ہوگی۔ شکست کے خوف سے وہ اپوزیشن لیڈران کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ میں انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی سیاست کام نہیں کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔