راجستھان: گورنر کلراج مشرا نے نامزد وزیر اعلیٰ بھجن لال کو حکومت سازی کے لیے کیا مدعو

بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں بھجن لال شرما کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا، سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے بھجن لال کے نام کی تجویز رکھی تھی جسے قانون ساز پارٹی نے منظوری دے دی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے گورنر کلراج مشرا نے نامزد وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو حکومت سازی کے لیے مدعو کر لیا ہے۔ آج ہی بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں بھجن لال شرما کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے بھجن لال کے نام کی تجویز رکھی تھی جسے قانون ساز پارٹی نے منظوری دے دی۔ بعد ازاں بھجن لال شرما نے 115 اراکین اسمبلی کی فہرست گورنر کے حوالے کر دی۔ بھجن لال نے جب گورنر سے ملاقات کی تو ان کے ساتھ پارٹی کے مرکزی مبصر راجناتھ سنگھ، پارٹی کے الیکشن انچارج پرہلاد جوشی اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے بھی موجود تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ راجستھان میں جہاں بھجن لال شرما کو نامزد وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا ہے، وہیں دو نائب وزرائے اعلیٰ کے نام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ یہ دو نام ہیں دِیا کماری اور پریم چند بیروا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ دونوں وزیر اعلیٰ بننے کی دوڑ میں بھی شامل تھے، لیکن بی جے پی نے چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کی طرح راجستھان میں بھی سبھی کو حیران کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے طور پر ایک ایسے نام کی نامزدگی پر مہر لگائی جس کے بارے میں کوئی تذکرہ نہیں ہو رہا تھا۔


واضح رہے کہ نامزد نائب وزیر اعلیٰ مہارانی دِیا کماری نے حال ہی میں راجستھان کی راجسمند لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دیا ہے۔ انھوں نے وِدیادھر نگر سے اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ جئے پور کے سابق مہاراجہ بھوانی سنگھ کی بیٹی دِیا کماری تقریباً ایک دہائی قبل سیاست میں آئیں اور انھیں اس مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا دعویدار مانا جا رہا تھا۔

دوسری طرف بی جے پی نے پریم چند بیروان کو بھی نائب وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔ 54 سالہ پریم چند بیروا دودو اسمبلی سیٹ سے انتخاب جیتے ہیں۔ دلت طبقہ سے آنے والے بیروا پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ 2018 میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن پارٹی کے لیے کام کرتے رہنے کی وجہ سے انھیں دوبارہ موقع دیا گیا اور اس بار جیت کے ساتھ انھوں نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ بھی حاصل کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔