وہ مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پنڈت نہرو پر بات کرتے ہیں: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے منگل کے روز بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے بارے میں بات کرتے رہتے ہیں
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کے روز بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے بارے میں بات کرتے رہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبہ کو ایک بار پھر دہرایا اور حکومت پر اس پر بحث نہ کرنے کا الزام لگایا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’یہ سب توجہ ہٹانے کی حکمت عملی ہے۔ اصل مسئلہ ذات پر مبنی مردم شماری ہے اور یہ ہے کہ لوگوں کو کتنا پیسہ مل رہا ہے؟ وہ اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے، وہ اس سے دور بھاگنا چاہتے ہیں۔
کیرالہ کے وائناڈ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا ’’ہم اس مسئلے کو آگے بڑھائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غریبوں کو ان کا حق ملے۔‘‘
جب انہیں بتایا گیا کہ بی جے پی نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی کے طور پر ایک او بی سی لیڈر کا اعلان کیا ہے، تو انہوں نے کہا، ’’چھتیس گڑھ میں ہمارے وزیر اعلیٰ بھی او بی سی سے تھے، اب انہوں نے بھی ایک او بی سی وزیر اعلیٰ کا اعلان کر دیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ سرکاری نظام میں کتنے او بی سی ہیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی او بی سی زمرہ سے ہیں، لیکن مرکزی حکومت 90 لوگ چلا رہے ہیں اور ان میں سے صرف تین او بی سی زمرے سے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا، ’’میرا سوال ادارہ جاتی نظام میں او بی سی، دلتوں اور قبائلیوں کی شمولیت کے بارے میں ہے۔ وہ جواہر لال نہرو اور دیگر کے بارے میں بات کرتے ہیں تاکہ ہماری توجہ اس معاملے سے ہٹائی جا سکے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔