راہل گاندھی نے لوک سبھا سیکریٹریٹ کو دی وائناڈ سیٹ چھوڑنے کی اطلاع
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے لوک سبھا اسپیکر کے دفتر کو وائناڈ لوک سبھا سیٹ چھوڑنے کے بارے میں باضابطہ نوٹس دیا۔ معلومات کے مطابق انہوں نے اس کے لیے لوک سبھا اسپیکر کے دفتر کو ایک خط دیا ہے
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے منگل کو لوک سبھا اسپیکر کے دفتر کو وائناڈ لوک سبھا سیٹ چھوڑنے کے بارے میں باضابطہ نوٹس دیا۔ معلومات کے مطابق انہوں نے اس کے لیے لوک سبھا اسپیکر کے دفتر کو ایک خط دیا ہے۔
راہل گاندھی نے اتر پردیش کے رائے بریلی اور کیرالہ کے وایئاڈ سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے دونوں سیٹوں سے الیکشن جیتا تھا۔ ایسے میں قواعد کے مطابق انہیں دو میں سے ایک سیٹ چھوڑنی تھی۔ راہل گاندھی نے رائے بریلی سیٹ سے ایم پی رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور وائناڈ سیٹ چھوڑ دی ہے۔
راہل گاندھی نے پیر کی شام وائناڈ سیٹ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس پارٹی نے پرینکا گاندھی واڈرا کو وائناڈ سے اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پرینکا گاندھی واڈرا کا پہلا لوک سبھا الیکشن ہوگا۔ وہ کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے ضمنی انتخاب لڑیں گی۔
اپنے فیصلے پر راہل گاندھی نے کہا کہ وہ گزشتہ پانچ سالوں سے وائناڈ سے ایم پی ہیں۔ وائناڈ کے لوگوں اور تمام سیاسی پارٹیوں نے انہیں بہت پیار دیا۔ پرینکا وائناڈ سے الیکشن لڑ رہی ہیں لیکن وہ خود وائناڈ آتے رہیں گے۔ وہ یقینی طور پر ان وعدوں کو پورا کریں گے جو انہوں نے وائناڈ کے لوگوں سے کیے ہیں۔ اب وایناڈ کو دو نمائندے مل رہے ہیں، ایک پرینکا اور دوسرا میں۔
پرینکا گاندھی نے کہا، ’’میں اپنا پہلا لوک سبھا الیکشن وائناڈ سے لڑ کر بہت خوش ہوں۔ رائے بریلی سے میرا پرانا رشتہ ہے۔ میں 20 سال سے رائے بریلی میں کام کر رہی ہوں۔ یہ رشتہ کبھی ٹوٹ نہیں سکتا، میں اپنے بھائی کے ساتھ رائے بریلی میں بھی موجود رہوں گی۔‘‘
پرینکا گاندھی وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن جیتنے کے بعد کانگریس پارٹی کی طرف سے نہرو-گاندھی خاندان سے 3 ارکان پارلیمنٹ میں ہوں گے۔ راہل اور پرینکا لوک سبھا میں نظر آئیں گے، جبکہ سونیا گاندھی پہلے ہی راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہو چکی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔