راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران کچھ بھی غلط نہیں کہا: ادھو ٹھاکرے

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ یہ جھوٹا پروپیگنڈہ ہے کہ بی جے پی ہندوتوا ہے۔ ہمارا ہندوتوا پوتر (مقدس) ہے جس کے آس پاس بی جے پی آتی بھی نہیں۔ بی جے پی نے لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لیے ہندوتوا کا نقاب پہنا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ادھو ٹھاکرے / آئی اے این ایس</p></div>

ادھو ٹھاکرے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے بیان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی کے بیان کو ہندوتوا کی توہین ماننے سے انکار کر دیا اور کہا ہے راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کچھ بھی غلط نہیں کہا ہے۔

شیوسینا-یوبی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو ایوان میں بھگوان شیو کی تصویر دکھانے سے روک دیا گیا۔ کیا یہی ہندوتوا ہے؟ ہم بھی جئے شری رام بولتے ہیں۔ وزیر اعظم انتخابی ریلی میں اعلانیہ جئے شری رام کہتے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں اگر بی جے پی کے علاوہ کوئی اور کہے تو کیا وہ جرم ہے؟ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میں نہیں مانتا کہ راہل گاندھی نے ہندوتوا کی توہین کی ہے۔ میں یہ صاف کہتا ہوں کہ بی جے پی ہندوتوا نہیں ہے۔ ہم بھی ہندو ہیں اور ہم نہ تو ہندوتوا کی توہین کریں گے اور نہ ہی توہین برداشت کریں گے۔ اس میں راہل گاندھی بھی آتے ہیں۔


بی جے پی کے ہندوتوا پر طنز کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ یہ جھوٹا پروپیگنڈہ ہے کہ بی جے پی ہندوتوا ہے۔ ہمارا ہندوتوا پوتر (مقدس) ہے جس کے آس پاس بی جے پی آتی بھی نہیں۔ بی جے پی نے لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لیے ہندوتوا کا نقاب پہنا ہے۔ قانون ساز کونسل میں بھی یہی ماحول بنانے کی کوشش کی گئی کہ ہندوتوا کی توہین ہوئی ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ ہندوتوا کی کوئی توہین نہیں ہوئی۔ اسی کے ساتھ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ لوک سبھا میں کچھ لوگوں نے اپنی حلف برداری کے وقت جئے سنویدھان کا نعرہ لگایا تو ان کو روکا گیا۔ جئے سنویدھان کہنا کب سے جرم ہو گیا؟ میں اپیل کرتا ہوں کہ اس کی مذمت کرنے کی قرارداد لائیں۔

ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ بی جے پی ہمیں ہندوتوا نہ سکھائے۔ ورنہ ان کو اپنی خود کی کنڈلی نکالنی ہوگی۔ آپ کچھ بھی کریں تو وہ جمہوریت ہے اور ہم جو بھی کریں تو وہ جرم ہے؟ یہ سب نہیں چلے گا۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی نے اپوزیشن لیڈر کے طور پر ایوان میں اپنی پہلی تقریر میں بی جے پی پر شدید حملہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے حکمراں پارٹی پر لوگوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کا الزام لگایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔