پنجاب سے آئی خوشخبری! ’ہاٹ اسپاٹ‘ نواں شہر سے کورونا وائرس کا خاتمہ

کورونا سے بری طرح متاثر پنجاب واقع ضلع نواں شہر کے 18 مریضوں کی تازہ رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔ گویا کہ نواں شہر سے کورونا انفیکشن ختم ہو گیا اور یہ ریاست کا پہلا ضلع بن گیا ہے جو ’کورونا سے پاک‘ ہو چکا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں کورونا پر قابو پانے کی کوششوں کے درمیان پنجاب سے ایک اچھی خبر آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پنجاب کے ضلع نواں شہر میں اب کورونا انفیکشن کا کوئی مریض موجود نہیں ہے۔ دراصل نواں شہر میں کورونا کے کئی پازیٹو مریض تھے جس کے بعد ضلع کو ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا گیا تھا۔ سبھی مریضوں کا علاج ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہو رہا تھا اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کورونا کے 18 پازیٹو مریضوں کا علاج کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرایا گیا جس کا نتیجہ خوش آئند ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی 18 مریضوں کی رپورٹ نگیٹو ہے۔ اس طرح سے نواں شہر پنجاب کا پہلا ضلع بن گیا ہے جس نے کورونا کے خلاف لڑائی جیت لی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نواں شہر پنجاب کا وہ ضلع ہے جہاں سے کورونا نے ریاست میں اپنا پیر پسارنا شروع کیا تھا اور نواں شہر کورونا کا ہاٹ اسپاٹ بن گیا تھا۔ یہاں کے گاؤں پٹھلاوا باشندہ بلدیو سنگھ کی 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت ہوئی تھی۔ اس کی موت سے اگلے دن پتہ لگا تھا کہ اسے کورونا انفیکشن تھا۔ جیسے ہی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی، انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلدیو سنگھ کے رابطے میں آنے والے کئی لوگوں کا ٹیسٹ کرایا۔ ان میں سے 23 لوگ پازیٹو پائے گئے۔ پٹھلاوا کے بزرگ بلدیو سنگھ سے شروع ہوئی یہ بیماری لگاتار ضلع میں پھیل رہی تھی لیکن انتظامیہ اور محکمہ صحت کی سختی کی وجہ سے اس پر قابو پایا جا سکا۔ حالانکہ بلدیو سنگھ کی موت اس انفیکشن کی وجہ سے ہو گئی ، لیکن ان کے گھر والے سبھی کورونا پازیٹو افراد اب اس مرض سے نجات پا چکے ہیں۔


بہر حال، پنجاب میں کورونا وائرس کی رفتار دھیمی ہو گئی ہے۔ پنجاب میں اب تک کورونا پازیٹو کیسوں کی تعداد 256 ہے۔ ریاست میں اب تک 49 مریض ٹھیک ہوئے ہیں اور 16 کی موت ہو چکی ہے۔ خبروں کے مطابق ریاست میں اپریل کے پہلے ہفتہ میں 52، دوسرے ہفتہ میں 87 اور تیسرے ہفتہ میں 59 کیس آئے۔ ریاست کے 6 ضلع ریڈ زون، 13 آرینج زون اور تین گرین زون میں ہیں۔ موہالی میں سب سے زیادہ 62 جب کہ جالندھر میں 53 کورونا پازیٹو کیس ہیں۔ سب سے زیادہ 4 اموات لدھیانہ میں ہوئی ہیں۔ اس کے بعد جالندھر، امرتسر اور موہالی میں دو-دو لوگوں کی جان گئی ہے، جب کہ پٹھان کوٹ، نواں شہر، ہوشیار پور، گرداس پور، روپ نگر اور برنالہ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Apr 2020, 5:11 PM