پنجاب میں اب ماسک پہننا لازمی، وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے بتایا استعمال کا طریقہ

وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اب ماسک پہننا لازمی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اب ماسک پہننا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے آپ کو صاف کپڑے کا ایک ٹکڑا درکار ہے۔ وزیر اعلی نے ٹویٹ کے ذریعے کا ’’اب پنجاب میں ماسک پہننا لازمی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’ہیلتھ سکریٹری لوگوں کے لئے تفصیلی مشاورت جاری کر رہے ہیں۔ جب آپ گھر سے باہر کسی ضروری کام کے لئے نکلتے ہیں تو ماسک پہننا یاد رکھیں۔ آپ سب کو صاف کپڑے کا ایک ٹکڑا درکار ہے۔ چلئے ہم سب محفوظ رہیں اور کوویڈ۔ 19 کے خلاف متحد ہو کر لڑیں۔‘‘

واضح رہے کہ جمعہ کی صبح پنجاب میں کورونا کا ایک نیا معاملہ سامنے آنے کے بعد ریاست میں مریضوں کی مجموعی تعداد 131 ہو گئی ہے۔ ریاست میں اب تک 11 افراد اس بیماری کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔


وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہا ’’آپ کپڑے کا ماسک کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں لیکن اسے ہر روز گرم پانی اور صابن سے ضرور دھوئیں۔‘‘

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کپٹن امریندر سنگھ نے کورونا وائرس کی وباء ے دوران مریضوں اور عوام کی خدمات انجام دینے والے طبی اہلکار، پولیس اور صفائی ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا ’’کووڈ-19 کے خلاف جنگ کے دوران میں تمام ڈاکٹروں، نرسوں، صفائی ملازمین، پولیس اہلکار، پٹواری، آشا اور آنگنواڑی کارکنان، کھانا اور ترسیلی عملہ اور ڈی سی کے ماتحت کام کرنے والی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم آپ کے ممنون ہیں اور آپ کی پوری حمایت کرتے ہیں۔‘‘


بہتر کام کرنے والے پولیس اہلکار اعزاز سے سرفراز ہوں گے

پنجاب کے پولیس ڈائریکٹر جنرل دنکر گپتا نے تمام پولیس کمشنروں، سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو کوروناکے خلاف جنگ میں پہلی قطار میں کھڑے ہو کر بے مثال خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے ناموں کی فہرست بھیجنے کے لئے کہا ہے۔

گپتا نے بتایا کہ ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ سے بھی شاندار خدمات دینے والے ایسے پولیس اہلکاروں کے ناموں کی فہرست طلب کی جائے گی۔ اس کے بعد ریاستی سطح کی کمیٹی ان تمام سفارشات کی باریکی سے جانچ کرے گی اور اس کے بعد انہیں نوازا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونابحران کے پیش نظر سماجی خدمت کے شعبے میں پنجاب پولیس کی بہترین خدمات اور کاموں کو تسلیم کرنے کے لئے ’پولیس ڈائریکٹر جنرل سمان‘ شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور ایسا کرنے والی پنجاب ملک کی پہلی ریاست ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔