پونے میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کا معاملہ، نشے میں دھت این سی پی لیڈر کے بیٹے نے ٹیمپو کو ماری ٹکر
سوربھ گائیکواڑ نامی نوجوان نے نشے میں دھت ایک ٹیمپو کو ٹکر ماردی جس میں سوربھ، ٹیمپو ڈرائیوراور اس کا معاون شدید زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ پونے کے منجری منڈوا علاقے میں پیش آیا ہے
مہاراشٹر میں ’ہٹ اینڈ رن‘ اور ’ڈرگ اینڈ ڈرائیو‘ کے معاملات آج کل کچھ زیادہ ہی ہو رہے ہیں۔ ابھی ممبئی میں ہٹ اینڈ رن کا واقعہ تازہ ہی تھا کہ پونے سے ڈرگ اینڈ ڈرائیو کا ایک اور معاملہ سامنے آگیا ہے۔ اس بار این سی پی کے ایک لیڈر کے بیٹے نے نشے میں دھت ہو کر ایک ٹیمپو کو ٹکر ماری ہے، جس میں ٹیمپو ڈرائیور، اس کا معاون اور این سی پی لیڈر کے بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ 16 جولائی کی رات شہر کے منجری منڈوا علاقے میں پیش آیا ہے۔
خبر کے مطابق این سی پی لیڈر بندو گائیکواڑ کا بیٹا سوربھ گائیکواڑ 16 جولائی کی رات تیز رفتاری کے ساتھ اپنی کار چلاتے ہوئے مرغیاں لے کر جا رہے ایک ٹیمپو سے ٹکرا گیا۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت سوربھ نشے میں دھت تھا۔ پولیس نے سوربھ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس واقعے میں سوربھ، ٹیمپو کا ڈرائیور و کلینر شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ایسا ہی ڈرنک اینڈ ڈرائیو کا واقعہ حال ہی میں ریاست کے ناگپور شہر کے نندن ون علاقے میں پیش آیا تھا جس میں ایک اسکوڈا کار نے سڑک کنارے کھڑے 5 لوگوں کو ٹکر مار دی تھی۔ اس واقعے میں 5 لوگ زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ پونے میں ہی کچھ دنوں قبل ہٹ اینڈ رن کا بھی واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک امیر شخص کے نابالغ بیٹے نے اپنے پورش کار سے بائیک پر سوار دو آئی ٹی انجینئرز کو ٹکر ماری تھی جس میں دونوں کی موت ہوگئی تھی۔ یہ نابالغ ملزم نشے میں دھت تھا۔ بالکل اسی طرح کا واقعہ ممبئی میں پیش آیا جس میں شیوسینا کے ایک لیڈر کے بیٹے نے ایک ماہی گیر جوڑے کو ٹکر ماردی جس میں خاتون کی موت ہوگئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔