وزیر اعظم مودی آج جموں و کشمیر سے متعلق کل جماعتی اجلاس کی صدارت کریں گے
اس اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بہت سے دیگر اعلی افسران کی شرکت متوقع ہے۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج یہاں جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کل جماعتی اجلاس کریں گے۔ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کے خصوصی ریاستی درجہ کے خاتمے اور اس کو دو مرکزی خطوں میں تقسیم کرنے کے بعد، مرکز نے وہاں کی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ پہلی بار بات چیت کی پیش کش کی ہے۔
گپکار اتحاد کے رہنماؤں نے جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کے خاتمے اور اس سے متعلق خصوصی مراعات کے خاتمے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر اعظم کی طرف سے آل جماعتی اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے اور اس کی ایک جماعت نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبد اللہ اور پی ڈی پی رہنما محبوبہ مفتی کی سربراہی میں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کانگریس نے بھی تصدیق کی ہے کہ سینئر رہنما غلام نبی آزاد پارٹی کی جانب سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آٹھ سیاسی جماعتوں کے 14 رہنماؤں کے شرکت کا امکان ہے۔
اس اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بہت سے دیگر اعلی افسران کی شرکت متوقع ہے۔ جموں وکشمیر میں سیاسی طور پر اس میٹنگ کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
اگرچہ اس اجلاس کے لئے ابھی تک کوئی سرکاری ایجنڈا طے نہیں کیا گیا ہے، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں سیاسی عمل شروع کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ ریاستوں میں انتخابات کے عمل پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔ دوسری طرف گپکار اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ اس اجلاس میں جموں و کشمیر ریاست کے خصوصی درجہ کی بحالی کا مطالبہ کریں گے۔ دریں اثنا، اجلاس کے پیش نظر خطے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور پورے خطے میں سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ نگرانی بھی جاری رکھی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔