زیر تربیت آئی اے ایس پوجا کھیڈکر برخاست، مستقبل میں کسی بھی امتحان میں شریک ہونے پر پابندی عائد

پوجا کھیڈکر پر الزام ہے کہ انہوں نے یو پی ایس سی-سی ایس سی امتحان کے لیے دیگر پسماندہ طبقہ (او بی سی) اور معذور کوٹہ کا غلط استعمال کیا تھا۔ یو پی ایس سی نے کھیڈکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>پوجا کھیڈکر/ اے این آئی</p></div>

پوجا کھیڈکر/ اے این آئی

user

قومی آوازبیورو

انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اےایس) کی زیر تربیت افسر پوجا کھیڈکر کے خلاف یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے بڑی کارروائی کی ہے۔ یو پی ایس سی نے پوجا کھیڈکر کی سی ایس ای-2022 کی امیدواری منسوخ کرتے ہوئے مستقبل میں کسی بھی امتحان یا سلیکشن میں شرکت سے روک دیا ہے۔ یو پی ایس سی نے کہا کہ تمام ریکارڈ چیک کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ پوجا کھیڈکر نے سی ایس ای-2022 کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن نے سی ایس ای کے گزشتہ 15 سال کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جس میں 15 ہزار سے زائد امیدوار شامل تھے۔

واضح رہے کہ پوجا کھیڈکر پر دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ پوجا کی عبوری ضمانت پر بدھ (31 جولائی) کو دہلی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو یکم اگست کو سنائے گی۔ حال ہی میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے پوجا کھیڈکر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے یہ کارروائی یو پی ایس سی کی شکایت کے بعد شروع کی تھی۔ پوجا کھیڈکر پر نام، تصویر، ای میل اور پتہ جیسی دستاویزات میں غلط معلومات دینے کا الزام ہے۔


2023 بیچ کی زیر تربیت آئی اے ایس آفیسر پوجا کھیڈکر پر الزام ہے کہ انہوں نے یو پی ایس سی -سی ایس ای امتحان کے لیے دیگر پسماندہ طبقہ (او بی سی) اور معذور کوٹہ کا غلط استعمال کیا۔ یو پی ایس سی نے اس معاملے میں کھیڈکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ ان کے انتخاب کی منسوخی پر انہیں وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے اور انہیں آئندہ امتحانات میں شرکت سے بھی روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پوجا کھیڈکر کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے پونے میں بطور اسسٹنٹ کلیکٹر اپنی تقرری کے دوران ان مراعات کا مطالبہ شروع کیا جو قوانین کے خلاف تھے۔ اس کے علاوہ ان کے والد پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے ضلع کلیکٹر کے دفتر پر دباؤ ڈالا کہ وہ ان کی بیٹی کے مطالبات کو پورا کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔