چھ ریاستوں کے وزراء کا JEE-NEET امتحان کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی
مغربی بنگال، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، پنجاب اور راجستھان حکومتوں کے وزراء نے سپریم کورٹ میں از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کر نیٹ اور جے ای ای امتحان کو ٹالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کورونا بحران میں JEE-NEET امتحان کو لے کر تنازعہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کئی ریاستوں کے وزراء نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انھوں نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ پر از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امتحان کرانا طلبا کے لیے خطرے سے خالی نہیں ہے۔ دراصل سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو امتحان کرانے کی اجازت دی تھی، جس کو کئی ریاستوں کے وزراء نے سپریم کورٹ میں ہی چیلنج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بہار اسمبلی انتخاب کو سپریم کورٹ سے ملی ہری جھنڈی!
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق مغربی بنگال، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، پنجاب اور راجستھان حکومتوں کے وزراء نے سپریم کورٹ میں از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کر نیٹ اور جے ای ای امتحان کو ٹالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ سبھی وزراء نے یہ عرضی ایک ساتھ نجی حیثیت سے داخل کی ہے۔ اس سے قبل کانگریس لیڈر راہل گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک اور ڈی ایم کے سربراہ ایم. کے. اسٹالن سمیت کئی اپوزیشن لیڈروں نے یہ امتحانات فی الحال ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بہر حال، چھ ریاستوں کے وزراء کے ذریعہ سپریم کورٹ میں داخل نئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے حکومت فی الحال امتحان کرانے کی حالت میں نہیں ہے۔ امتحان کے دوران طلبا کورونا انفیکشن کی زد میں آ سکتے ہیں۔ عرضی داخل کرنے والوں میں مغربی بنگال سے ملے گھٹک، جھارکھنڈ سے رامیشور اوراؤں، راجستھان سے رگھو شرما، چھتیس گڑھ سے امرجیت بھگت، پنجاب سے بلبیر سنگھ سدھو اور مہاراشٹر سے اودے رویندر سامنت شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Aug 2020, 6:56 PM