JEE-NEET طلبا اپنی صحت اور مستقبل کو لے کر فکرمند: راہل گاندھی

کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں سوال کیا ہے کہ کیا نیٹ امتحان کے لیے بہار ریاست میں صرف دو مراکز قائم کیے گئے ہیں؟ کیا اس کا مطلب بہار کے طلبا کو مواقع سے محروم کرنا نہیں ہے؟

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

تنویر

جے ای ای-نیٹ (JEE-NEET) کے امتحانات کی تاریخ جیسے جیسے نزدیک آ رہی ہے، اس کو ملتوی کیے جانے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کورونا بحران میں جے ای ای-نیٹ امتحان کو لے کر طلبا میں ایک بے چینی ہے اور وہ فکرمند ہیں کہ کہیں وہ کورونا انفیکشن کی زد میں نہ آ جائیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی طلبا کی اس فکرمندی کا اظہار ایک ٹوئٹ کے ذریعہ کیا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "نیٹ-جے ای ای امتحان میں بیٹھنے والے طلبا اپنی صحت اور مستقبل کو لے کر فکر مند ہیں۔ ان کے ایشوز ہیں- کووڈ-19 انفیکشن، وبا میں ٹرانسپورٹیشن اور رہائش کی کمی، آسام-بہار میں سیلاب کی تباہی۔" ساتھ ہی راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ "حکومت ہند کو سبھی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ہر فریق کی بات سن کر ایک بہتر حل نکالنا چاہیے۔"


دوسری طرف کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی جے ای ای-نیٹ طلبا کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ایک طویل ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "جے ای ای-نیٹ کے آئندہ امتحانات میں 25 لاکھ طلبا کی صحت اور سیکورٹی کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں طلبا احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔" ساتھ ہی وہ مرکز کی مودی حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ "ایک ضدی مودی حکومت ان کی شکایتوں کو سننے، ان پر غور کرنے اور سبھی کے لیے قابل قبول حل تلاش کرنے سے انکار کیوں کر رہی ہے؟ کیا مودی حکومت اس بات کی گارنٹی دے گی کہ امتحان کے دوران جے ای ای-نیٹ کا کوئی بھی طالب علم کووڈ انفیکشن کا شکار نہیں ہوگا؟"

رندیپ سرجے والا نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ مزید کئی سوالات مودی حکومت کے سامنے رکھے ہیں۔ انھوں نے پوچھا ہے کہ "کون کون سی احتیاطی تدابیر اور پروٹوکول رکھے گئے ہیں؟ کون دیکھے گا کہ گائیڈ لائنس اور پروٹوکول ایک خالی کاغذی رسم نہیں بن گئے ہی ں؟ سیلاب متاثر آسام اور بہار کے طلبا کے ذریعہ جے ای ای-نیٹ امتحان دینے کے بارے میں کیا انتظام ہے؟ کیا نیٹ امتحان کے لیے بہار ریاست میں صرف دو مراکز قائم کیے گئے ہیں؟ کیا اس کا مطلب بہار کے طلبا کو مواقع سے محروم کرنا نہیں ہے؟"


کانگریس ترجمان اپنے ٹوئٹ میں آگے لکھتے ہیں کہ "کووڈ-19 کے سبب ملک بھر میں ٹرانسپورٹ یا تو شروع نہیں ہوا ہے، یا معمول پر نہیں آیا ہے۔ مکمل سیکورٹی اور واپسی کے ساتھ جے ای ای-نیٹ طلبا منزل پر کیسے پہنچیں گے؟ ان کے ٹھہرنے وغیرہ کا کیا انتظام کیا گیا ہے؟ کیا مودی حکومت نے طلبا کو بغیر سوچے سمجھے منجدھار میں چھوڑ دیا ہے؟"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 10:56 PM