پدم بھوشن اعزاز یافتہ 83 سالہ صنعت کار راہل بجاج کا انتقال

راہل بجاج کی پیدائش 10 جون 1938 کو کولکاتا میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کمل نین بجاج بھی بڑے کاروباری تھے اور وہ اندرا گاندھی کے قریبی لوگوں میں شمار ہوتے تھے۔

راہل بجاج، تصویر آئی اے این ایس
راہل بجاج، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مشہور و معروف صنعت کار راہل بجاج کا آج 83 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ پدم بھوشن اعزاز یافتہ صنعت کار کے اس دارِ فانی سے کوچ کرنے کی اطلاع مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن و شاہراہ نتن گڈکری نے بذریعہ ٹوئٹ دی۔ راہل بجاج طویل مدت سے بیمار چل رہے تھے۔ انھیں 2001 میں پدم بھوشن کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا تھا۔

راہل بجاج کی پیدائش 10 جون 1938 کو کولکاتا میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کمل نین بجاج بھی بڑے کاروباری تھے اور وہ اندرا گاندھی کے قریبی لوگوں میں شمار ہوتے تھے۔ راہل بجاج نے اپنی پڑھائی دہلی کے سینٹ اسٹیفنس کالج سے کی۔ اس کے بعد انھوں نے ممبئی سے قانون کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔


راہل بجاج نے 1965 میں بجاج گروپ کی ذمہ داری سنبھالی۔ انھوں نے کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے بجاج چیتک نام کا اسکوٹر بنایا۔ راہل بجاج 1972 سے ہی کمپنی کے غیر کارگزار چیئرمین کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔ ہندی اخبار ’جن ستّا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق راہل بجاج کی قیادت میں بجاج آٹو کا کاروبار 7.2 کروڑ روپے سے 12 ہزار کروڑ تک پہنچا۔ لیکن گزشتہ سال راہل بجاج نے بجاج آٹو کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ اپنی بڑھتی عمر کو دیکھتے ہوئے انھوں نے کمپنی کے غیر کارگزار چیئرمین کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے بعد نیرج بجاج کو نیا چیئرمین بنایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔