’اوم پرکاش راجبھر پالٹیکل ڈانسر ہیں، پتہ نہیں کب کہاں ناچنے لگیں‘
یوگی حکومت میں وزیر انل راجبھر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’او پی راجبھر پالٹیکل ڈانسر ہیں۔ میں نے دوہرا کردار تو سنا تھا، لیکن اوم پرکاش نے تیسرے کردار کو بھی فیل کر دیا ہے۔‘‘
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے قومی سربراہ اور بی جے پی کے سابق ساتھی اوم پرکاش راجبھر یو پی اسمبلی الیکشن سے پہلے کافی سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ کبھی وہ اتر پردیش بی جے پی کے صدر سے ملاقات کو لے کر سرخیوں میں آ جاتے ہیں، تو کبھی سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور سماجوادی پارٹی کی تعریفوں کے پل باندھنے کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ اس درمیان یوگی حکومت میں کابینہ وزیر انل راجبھر نے سماجوادی پارٹی کی تعریف کرنے کو لے کر اوم پرکاش راجبھر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انل راجبھر نے انھیں پولٹیکل ڈانسر تک کہہ دیا ہے، اور یہ بھی کہا ہے کہ وہ کب کہاں ناچنے لگیں، کوئی نہیں جانتا۔
انل راجبھر نے اے بی پی سے خصوصی بات چیت کے دوران اوم پرکاش راجبھر کے تعلق سے اپنا یہ رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’او پی راجبھر پالٹیکل ڈانسر ہیں۔ میں نے دوہرا کردار تو سنا تھا، لیکن اوم پرکاش نے تیسرے کردار کو بھی فیل کر دیا ہے۔‘‘ یوگی حکومت میں وزیر انل راجبھر اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ڈانسر ہیں۔ پتہ نہیں کس محفل میں کب ناچنے لگیں۔‘‘
واضح رہے کہ آج کل او پی راجبھر اکھلیش یادو کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ الیکشن سے قبل اکھلیش سے ان کی نزدیکی صاف طور پر سامنے آنے لگی ہے۔ او پی راجبھر نے گزشتہ دنوں اکھلیش یادو کی تعریف کر مشورہ دیا تھا کہ انھیں چھوٹی پارٹیوں کو اپنے ساتھ جوڑنا چاہیے۔ راجبھر کے اس مشورہ پر سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اُتم نے بھی مثبت رد عمل ظاہر کیا تھا اور او پی راجبھر کو جدوجہد کرنے والا لیڈر قرر دیا تھا۔ اس بیان کے بعد سیاسی سرگرمی کافی بڑھی ہوئی ہے اور لوگ امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ ایس بی ایس پی جلد ہی سماجوادی پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کر سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔