اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے دیا استعفیٰ، 24 سالہ حکمرانی کا سورج غروب، اب بی جے پی بنائے گی حکومت

اڈیشہ اسمبلی کی 147 سیٹوں میں بی جے پی نے 78 سیٹوں پر جیت حاصل کی جبکہ بی جے ڈی کو محض 51 سیٹوں پر جیت ملی، حکومت سازی کے لیے 74 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ نمبر بی جے پی کے پاس ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نوین پٹنایک</p></div>

نوین پٹنایک

user

قومی آوازبیورو

ایک طرف بی جے پی مرکز میں حکومت سازی سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہے، اور دوسری طرف اڈیشہ میں بھی بی جے پی کے لیے حکومت بنانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ اڈیشہ اسمبلی انتخاب میں بی جے ڈی کی شکست کے بعد وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے اپنے عہدہ سے آج استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے گورنر رگھووَر داس کو اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا، اور اس کے ساتھ ہی اڈیشہ میں بی جے ڈی کی 24 سالہ حکمرانی کا سورج بھی غریب ہو گیا۔

قابل ذکر ہے کہ اڈیشہ اسمبلی میں 147 سیٹیں ہیں جن میں سے بی جے ڈی کو محض 51 سیٹوں پر کامیابی ملی۔ بی جے پی نے 78 سیٹوں پر فتح حاصل کی ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے ضروری 74 سیٹوں سے زیادہ ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کے علاوہ کانگریس کو 14 سیٹوں پر، سی پی ایم کو ایک سیٹ پر اور آزاد امیدواروں کو 3 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔


حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بی جے ڈی کو اسمبلی انتخاب ہی نہیں، لوک سبھا انتخاب میں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اڈیشہ کی 21 لوک سبھا سیٹوں میں سے ایک بھی سیٹ پر نوین پٹنایک کی پارٹی کو کامیابی نہیں ملی ہے۔ 20 سیٹوں پر بی جے پی نے اور ایک سیٹ پر کانگریس نے قبضہ جما لیا ہے۔ یعنی لوک سبھا میں اب بی جے ڈی کا کوئی بھی لیڈر موجود نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ نوین پٹنایک سنہ 2000 میں پہلی مرتبہ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ اس کے بعد لگاتار 24 سالوں تک وہ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ عہدہ پر فائز رہے۔ سکم کے پون کمار چاملنگ کے بعد نوین پٹنایک دوسرے ایسے وزیر اعلیٰ ہیں جو 24 سالوں تک وزیر اعلیٰ عہدہ پر برقرار رہے۔ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ بننے سے قبل وہ بی جے ڈی صدر اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔