دہلی: ’پی جی‘ کی لڑکیوں سے فحش حرکت معاملہ میں دہلی خاتون کمیشن نے پولیس سے طلب کی کارروائی رپورٹ

دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے کہا کہ ایک پیئنگ گیسٹ کی لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال کی شکایت ملی تھی، اس میں متاثرہ نے بتایا کہ 12 جون کی نصف شب کو ایک لڑکے نے فحش حرکت کی۔

سواتی مالیوال / آئی اے این ایس
سواتی مالیوال / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں ایک پیئنگ گیسٹ (پی جی) کی لڑکیوں کے ساتھ فحش حرکت اور چھیڑ چھاڑ کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ دہلی خاتون کمیشن (ڈی سی ڈبلیو) کی سربراہ سواتی مالیوال نے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی پولیس کو سمن جاری کیا ہے اور کارروائی کی رپورٹ مانگی ہے۔

سواتی مالیوال نے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ انھیں دہلی کے ہڈسن لین واقع ایک پی جی میں لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال کی شکایت ملی تھی۔ اس میں شکایت دہندہ نے بتایا کہ 12 جون کی نصف شب کے آس پاس جب وہ اپنی خاتون دوستوں کے ساتھ بالکنی میں کھڑی تھی تب پی جی میں ایک لڑکے نے ان کے سامنے پینٹ کی زپ کھول کر فحش حرکت کی۔


ڈی سی ڈبلیو کے ذریعہ 19 جون کو دہلی پولیس کو ایک نوٹس بھی بھیجا گیا تھا جس میں معاملے کی کارروائی رپورٹ (اے ٹی آر) مانگی گئی تھی۔ حالانکہ دہلی پولیس اس معاملے میں جواب داخل کرنے میں ناکام رہی۔ اب ڈی سی ڈبلیو چیف سواتی مالیوال نے دہلی پولیس کو سمن جاری کیا ہے اور معاملے میں کارروائی رپورٹ مانگی ہے۔ سواتی مالیوال نے دہلی پولیس سے فحش حرکت معاملے میں کی گئی گرفتاریوں کی تفصیل کے ساتھ ایف آئی آر کی ایک کاپی دستیاب کرانے کو کہا ہے۔

سواتی مالیوال نے کہا کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ دہلی کے پی جی میں ہزاروں خواتین اور لڑکیاں رہتی ہیں۔ ان کی سیکورٹی بے حد ضروری ہے۔ مجھے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس شخص نے ایک ہی پی جی کے باہر ایک سے زیادہ بار اس طرح کی فحش حرکت کی ہے۔ مالیوال نے مزید کہا کہ دہلی میں جرائم پیشوں کے حوصلے اتنے بلند کیوں اور کیسے ہیں؟ پہلی بار میں پولیس کے ذریعہ اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اور اس شخص کو پولیس کے ذریعہ فوراً گرفتار کیا جانا چاہیے، تاکہ جرائم پیشوں میں خوف پیدا ہو۔ ساتھ ہی ڈی سی ڈبلیو چیف نے دہلی پولیس سے مقررہ وقت کے اندر کارروائی رپورٹ داخل کرنے میں ناکام رہنے کا سبب بھی بتانے کو کہا ہے۔ کمیشن نے مورس نگر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس افسر کو 28 جون کو ان کے سامنے حاضر ہونے اور معاملے میں اب تک کی گئی کارروائی کی رپورٹ فراہم کرنے کو کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔